حکومت ملکی معیشت پر مسلسل جھوٹ بول رہی  جبکہ  اپوزیشن عوام کی بجائے حکومت کا ۔۔۔۔سراج الحق نےایک بار پھر الزام عائد کر دیا  

حکومت ملکی معیشت پر مسلسل جھوٹ بول رہی  جبکہ  اپوزیشن عوام کی بجائے حکومت کا ...
حکومت ملکی معیشت پر مسلسل جھوٹ بول رہی  جبکہ  اپوزیشن عوام کی بجائے حکومت کا ۔۔۔۔سراج الحق نےایک بار پھر الزام عائد کر دیا  

  

 اوکاڑہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر وسینٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت ملکی معیشت پر مسلسل جھوٹ بول رہی ہے،حکمرانوں کوعوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ،اپوزیشن عوام کی بجائے حکومت کا ساتھ دے رہی ہے، عوام فرد کی نہیں نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں، جماعت اسلامی ملک میں اسلامی انقلاب لائے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے ہاتھوں گروی رکھ دیا ہے ،ایف اے ٹی ایف  کے قوانین کو تسلیم کرنا پاکستان کی سلامتی کو داؤ پر لگانے کے مترادف ہے، جسے کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے ،پاکستان کی معیشت تباہی کے دھانے پر کھڑی ہے لیکن حکمران ملکی معیشت پر عوام سے مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ایک ناکام حکومت ہے جس کا دوسالہ دور ناکامیوں سے بھرا ہوا ہے، اسے پاکستان کے عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے، یہ حکومت بھی پی پی پی اور مسلم لیگ ن کی حکومت کا تسلسل ہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جماعتیں عوام کے ساتھ نہیں، یہ حکومت کا ساتھ دے رہی ہیں کیونکہ عوام کی بہتری اور فلاح کیلئے کوئی عملی اقدامات دیکھنے میں نہیں آئے، ان کے کردار سے حکمرانوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے ۔سراج الحق نے کہا کہ اب عوام فرد کی نہیں بلکہ نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں، جس کیلئے جماعت اسلامی بھر پور تحریک چلائے گی، ملک میں اسلامی انقلاب لائیں گے اور 12ربیع الاول سے اس جدوجہد کا آغاز کریں گے۔

مزید :

قومی -