زچہ و بچہ اور فیملی پلاننگ کے لئے سروسز کی فراہم بارے آگاہی و تربیتی سیمینار
لاہور (جنرل رپورٹر)پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے زچہ و بچہ اور فیملی پلاننگ سروسزکے لیے فراہمیِ صحت کی خدما ت کے کم ازکم معیا رات پر آگاہی و تربیتی سیمینار کاگزشتہ روز انعقاد کیاگیا،جس میں اس شعبہ کے ماہرین،ڈاکٹرز اور لیڈی ہیلتھ وزیٹرز نے شرکت کی۔اس ورکشاپ کااہتمام مشترکہ طورپرپنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن،محکمہ بہبودِآبادی پنجاب اور اقوامِ متحدہ پاپولیشن فنڈنے کیا،جس کی صدارت کمیشن کے بو رڈ آف کمیشنرز کی چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر عطیہ مبارک خالدنے کی۔چیف ایگزیکٹو آفیسرکمیشن ڈاکٹر محمد ثاقب عزیز،سیکرٹری محکمہ بہبودِآبادی محمد مسعود مختاراورٹیکنیکل ایکسپرٹ یواین ایف پی اے شعیب احمد شہزادبھی اس موقع پر موجو د تھے۔ انہوں نے آبادی کی وجہ سے پاکستان کے وسائل میں کمی اورفیملی پلاننگ کی خدمات کی افادیت پر رو شنی ڈالی۔ پروفیسر ڈاکٹر عطیہ مبارک خالد نے کم سے کم معیا را ت کی تیا ری اور ان پر عملدرآمد کے لیے تربیت پر تمام متعلقین کا شکر یہ اداکرتے ہوئے کہا کہ کمیشن نے صحت کے مختلف شعبوں کے لیے معیارات بنائے ہیں جوکہ اس خطہ میں پہلی بارہواہے اوراب دوسرے صوبے بھی ایسے ادارے بنارہے ہیں اور کمیشن ان کی بھرپور مد د کر رہاہے۔قبل ازیں ڈائریکٹر کلینیکل گو رننس ڈاکٹر مشتا ق احمد سلہر یا نے فراہمیِ صحت کے کم از کم معیارا ت کی تیا ری میں کمیشن کے کا م،طر یقہ کا ر اوربہبودِآبادی کے پس منظر کے حوالے سے بریفنگ دی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر پی ایچ سی ڈاکٹر ماجد لطیف اور ڈپٹی ڈائریکٹر کمیشن ڈاکٹر امتیاز علی نے ٹیکنیکل سیشن میں ڈاکٹرز اور لیڈی ہیلتھ وزیٹرز کو کمیشن کے زچہ و بچہ اور فیملی پلاننگ سروسز کے حوالے سے فراہمیِ صحت کے کم از کم معیارات پر تربیت دی۔