ایشیائی نوبل پرائز ”ریمون میگ سائے“امجد ثاقب کے نام 

  ایشیائی نوبل پرائز ”ریمون میگ سائے“امجد ثاقب کے نام 

  

لاہور(نیوزایجنسیاں)ایشیائی نوبل پرائز ”ریمون میگ سائے“ایوارڈ پاکستان کے نام رہا، سال 2021ء میں یہ براعظم ایشیا ء کا سب سے بڑا ایوارڈ پاکستان کی معروف سماجی شخصیت اخوت فاؤنڈیشن کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب کو پیش کیا گیا، ہر سال یہ اعزاز معاشرے سے غربت کے خاتمے اور ترقی کے لئے غیر معمولی کردار ادا کرنے والی شخصیات کو پیش کیا جا تا ہے۔ دنیا میں قرضِ حسنہ کا سب سے بڑا اخوت مائیکرو فنانس پروگرام کا آغاز 2001 میں ہوا، اب تک 150 ارب روپے کے بلاسود قرضوں کی تقسیم ہوچکی ہے۔ ان قرضوں سے مستفید افراد کی تعداد اڑھائی کروڑ (ہر گھر میں پانچ افراد)ہے۔ قرضوں کی شرح ریکوری 99 فیصد ہے۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ایوار ڈ قوم کے نام کرتے ہوئے کہا کہ ایوارڈ کی نامزدگی میرے لیے اعزاز ہے، یہ ایوارڈ پاکستان کے ہر فرد کے سینے پر آویزاں ہے، ریمون میگ سائے سائے ایوارڈ میرا نہیں پاکستانی عوام کا ہے، ایوارڈ ملک اور عوام کے لیے ایک تحفہ ہے، سود سے بڑی لعنت اور کوئی نہیں، ہم سب نے مل کر ملکی ترقی میں کردار ادا کرنا ہے، پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ہوئی، وہ وقت دور نہیں جب ملک میں غربت ایک داستان بن جائے گی، ہمیں معاشرے سے سود کا خاتمہ کرنا ہے۔

ڈاکٹر امجد ثاقب

مزید :

صفحہ اول -