424ارب پٹرولیم لیوی وصول، سٹیٹ بینک نے 650ارب خالص منافع کمایا

424ارب پٹرولیم لیوی وصول، سٹیٹ بینک نے 650ارب خالص منافع کمایا

  

 کراچی(این این آئی)پٹرولیم لیوی کی شرح  9روپے سے بڑھاکر 30 روپے فی لٹر تک لے جانے کے مسلم لیگ(ن)کی حکومت کے فیصلے کا تحریک انصاف کی حکومت نے بھرپور فائدہ اٹھایا ہے۔مالی سال 2020-21 کے دوران تحریک انصاف کی حکومت نے پٹرولیم لیوی کی مد میں 424ارب روپے صارفین سے وصول کئے جبکہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود کو بلند رکھنے کا فائدہ بھی حکومت کو ہوا ہے اسٹیٹ بینک کا خالص منافع 650.65 ارب روپے تک جاپہنچا، اور نجی شعبہ بھاری شرح سود کے باعث نئی صنعتوں کے قیام اور کاروبار کی ترقی کیلئے قرضوں سے مستفید نہ ہوسکا۔ 30 جون 2021 کو ختم ہونے والے مالی سال 2020-21 کے حوالے سے وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ فسکل آپریشن رپورٹ کے مطابق پی آئی اے، پاکستان ریلوے اور دیگر اداروں سے ہزاروں افراد کی چھانٹی کے باعث وفاقی حکومت کے پنشن کے اخراجات میں 30 ارب روپے کی کمی آئی ہے۔ سول اور ملٹری پنشن کیلئے 470 ارب روپے کے مقابلے میں پنشن کے حقیقی اخراجات 440 ارب روپے تک آگئے ہیں جبکہ سول حکومت کے اخراجات 29.26 ارب روپے کے اضافے کے ساتھ 476.58 ارب روپے سے بڑھ کر 505.84 ارب روپے تک پہنچ گئے ہیں۔ گزشتہ مالی سال کے دوران وفاق پاکستان کی آمدن 6903.37 ارب روپے رہی جس میں مجموعی ٹیکس ریونیو 5272.699 ارب روپے رہا۔ ایف بی آر کی ٹیکس وصولی 4764 ارب اور صوبائی ٹیکس وصولی 508.39 ارب روپے رہی۔ نان ٹیکس آمدن1480.39 ارب روپے رہی جبکہ صوبائی نان ٹیکس آمدن 150 ارب روپے رہی۔ وفاق اور صوبوں کے مجموعی اخراجات 10 ہزار 306 ارب روپے رہے جن میں غیر ترقیاتی اخراجات 9048.01 ارب روپے رہے۔ ملکی و غیر ملکی قرضوں پر سود کی مد میں 2749.72 ارب روپے ادا کئے گئے۔ ملکی قرضوں پر 2523.811 ارب روپے اور غیر ملکی قرضوں پر 225.918 ارب روپے سود ادا کیا گیا۔ دفاعی اخراجات1316 ارب روپے رہے۔ ترقیاتی اخراجات اور صوبوں کو قرض کی ادائیگی کی مالیت 1315.67 ارب روپے رہی۔ 92.99 ارب روپے کے اخراجات کا تعین نہیں ہوسکا کہ وہ کہاں خرچ ہوئے۔ آمدن اور اخراجات میں پرائمری بیلنس (فرق)منفی 635.59 ارب روپے رہا۔ وفاق پاکستان نے 3403ارب روپے کا بجٹ خسارہ پورا کرنے کیلئے 1338 ارب روپے کے غیر ملکی اور 2065.23 ارب روپے کے ملکی قرضے حاصل کئے۔ 

فسکل آپریشن رپورٹ

مزید :

پشاورصفحہ آخر -