کراچی چیمبر میں کے الیکٹرک کی ہیلپ ڈیسک قائم

کراچی چیمبر میں کے الیکٹرک کی ہیلپ ڈیسک قائم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اکنامک رپورٹر)تاجروصنعتکار برادری کی سہولت کے لیے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں کے الیکٹرک کی عارضی ہیلپ ڈیسک قائم کردی گئی ہے تاکہ ممبران کی مدد کی جا سکے۔ کے ای ہیلپ ڈیسک نے31 اگست 2021 سے کام شروع کردیاہے۔منگل کوجاری ایک بیان کے مطابق ہیلپ ڈیسک کا افتتاح کے سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ایم ثاقب گڈ لک اور جنرل منیجر کے ای حنا ملک نے ایک سادہ تقریب میں کیا جس میں کے سی سی آئی کی پبلک سیکٹر یوٹیلیٹیز سب کمیٹی کے چیئرمین عاطف جمیل الرحمان اور ڈپٹی چیئرمین تنویر باری نے بھی شرکت کی۔کے ای کی ٹیم کراچی چیمبر میں ہفتے میں دو روز منگل اور جمعرات کے لیے خدمات فراہم کرے گی جس کے اوقات کار صبح 10بجے سے دوپہر1:30بجے تک ہوں گے۔کے ای کی جانب سے مسلسل 4 ہفتوں تک ممبران کو سہولت فراہم کی جائے گی۔فنانس ایکٹ میں ترامیم کے مطابق اگر بجلی صارفین نان فائلر ہیں تو کے ای یکم جولائی 2021 سے 25ہزار سے زائد رقم کے بلوں پر 7.5 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس وصول کرے گا تاہم انکم ٹیکس فائلرز کو اس سلسلے میں استثنیٰ دیا گیا ہے۔ ایسے تمام فائلرز جو اپنے نام کے بجائے کسی اور کے نام پر بجلی کا بل وصول کر رہے ہیں وہ اپنے نام کا اندراج کے الیکٹرک کے ڈیٹا میں بطور صارف کرواکر25ہزار سے زائد رقم کے بلوں پر7.5 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس کی چھوٹ حاصل کرسکتے ہیں اور یہ کام باآسانی کے سی سی آئی میں قائم ہیلپ ڈیسک پر جا کرکروایا جاسکتاہے جہاں ممبران کو یہ سہولت بھی فراہم کی جائے گی کہ وہ کے ای بلوں میں اپنی ملکیت تبدیل کروا سکیں۔کے سی سی آئی نے اپنے ممبران سے درخواست کی ہے کہ وہ چیمبر میں اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے مذکورہ مسائل کو بروقت حل کروائیں۔