الیکشن کمیشن کا انتخابی عمل کی شفافیت پر مکمل یقین: چیف الیکشن کمشنر 

الیکشن کمیشن کا انتخابی عمل کی شفافیت پر مکمل یقین: چیف الیکشن کمشنر 

  

اسلام آباد(آئی این پی) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابی عمل میں شفافیت پر یقین رکھتا ہے اور سمجھتا ہے کہ انتخابی عمل میں ٹیکنالوجی کااستعمال ہونا چاہیے، اس ٹیکنالوجی  پر سٹیک ہولڈرز ،ووٹرز اور عوام کا اعتماد  ہونا ضروری ہے۔ منگل کو الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق  الیکشن کمیشن کا اجلاس چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں منعقد ہوا  جس میں کنٹونمنٹ بورڈ  انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو بریفنگ  دی گئی۔  اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن، الیکشن کمیشن کے سینئرافسران اور صوبائی الیکشن کمشنر زنے بھی ویڈیو لنک  کے ذریعے شرکت کی۔ کنٹونمنٹ انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو بریف کیا گیا کہ ملک میں کنٹونمنٹ انتخابات کیلئے 1644پولنگ اسٹیشن، 5080پولنگ  بوتھ  مقرر کیے گئے ہیں جبکہ  انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی تعداد 155ہے۔ الیکشن کیلئے تمام کنٹونمنٹس کی لسٹ آف پولنگ سٹیشنر شائع کر دی گئی ہیں۔پولنگ سٹاف کی تعیناتی  بھی ریٹرننگ  آفیسروں  نے کر لی ہے۔ امیدواروں کی حتمی فہرست کی اشاعت کے بعد بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ کاکام جاری ہے جو چند روز  میں مکمل کر لیا جائے گا۔ پولنگ سٹیشنوں پر سیکورٹی  فراہم کرنے کیلئے پولیس کے علاوہ رینجرز  کے اہلکار بھی پولنگ سٹیشن کی حدود کے باہر موجود ہوں گے۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی  کیمروں کو نصب کرنے کی بھی  الیکشن کمیشن نے منظوری دیدی ہے۔پولنگ کے اوقات کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولنگ کے اوقات  صبح 8بجے سے شام 5بجے  تک ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر

مزید :

صفحہ آخر -