مچل سٹارک فٹنس مسائل کے باعث دو ہفتوں کیلئے کرکٹ سے باہر

مچل سٹارک فٹنس مسائل کے باعث دو ہفتوں کیلئے کرکٹ سے باہر

 سڈنی ( نیٹ نیوز) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر مچل سٹارک فٹنس مسائل کے باعث آئی پی ایل ایٹ کے اوائل میں رائل چیلنجرز بنگلور کو دستیاب نہیں ہوں گے۔ سٹارک نے حال ہی میں منعقدہ گیارہویں آئی سی سی ورلڈ کپ میں انتہائی شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کر کے اپنی ٹیم کو پانچویں بار عالمی چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ سٹارک نے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 22 وکٹیں حاصل کی تھیں اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے دنیا کا نمبر ون باؤلر بننے کا بھی اعزاز حاصل کیا تھا۔ کرکٹ آسٹریلیا کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سٹارک گھٹنے کی انجری میں مبتلا ہیں اور ڈاکٹروں نے انجری سے نجات کیلئے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے جس کی وجہ سے وہ ابھی مزید دو سے تین ہفتوں تک یہاں پر رہیں گے اور آئی پی ایل ایٹ کے ابتدائی میچز نہیں کھیل سکیں گے، ہمیں پوری امید ہے وہ جلد مکمل فٹ ہو جائیں گے اور اس کے بعد بھارت جائیں گے۔ واضح رہے کہ سٹارک نے گزشتہ برس آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور کی طرف سے 14 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی