ٹیوٹا: 150فارغ التحصیل یواے ای میں ملازمت کیلئے شارٹ لسٹ
لاہور ( کامرس رپورٹر)ٹیوٹاکے 150 فارغ التحصیل نوجوانوں کو مرکری مینا کمپنی یو اے ای نے الیکٹریشن ٹریڈ میں ملازمت مہیا کرنے کیلئے شارٹ لسٹ کرلیا۔انٹرویو سیشن کا انعقاد مہارت کی بنیاد پر ٹیوٹا کے فارن پلیسمنٹ سیل کی جانب سے بیرون ملک بھجوانے کیلئے یو اے ای کی مرکری مینا کمپنی کے تعاون سے فیصل باجوہ کی سربراہی میں ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں کیا گیا۔ 300پاس آؤٹ بھرتی کے طے کردہ معیار کے مطابق انٹرویو کیلئے پیش ہوئے۔چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے انٹرویو سیشن کادورہ کرتے ہوئے شارٹ لسٹ نوجوانوں کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلی کھیپ میں شارٹ لسٹ کئے گئے گریجویٹس کو یو اے ای بھجوایا جائے گا جبکہ باقی ماندہ امیدواروں کو بھی آئندہ کھیپ میں مطلوبہ مہارت کے طریق کار کے مطابق منتخب کرتے ہوئے بیرون ملک بھجوایا جائے گا۔ ان امیدواروں کو ابتدائی طور پر 2 سال کے معاہدے پر یو اے ای بھجوایا جائے گا ۔معاہدے کے مطابق کمپنی کی طرف سے ملازمت کرنے والے ٹیوٹا نوجوانوں کودوران سروس مفت ٹرانسپورٹیشن، رہائش، کھانا اور صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر جنرل منیجر آپریشنز حامد غنی انجم، جنرل منیجر اکیڈمکس اظہر اقبال شاد، فارن پلیسمنٹ کنسلٹنٹ ٹیوٹا عامر حسن، ڈائریکٹر ہیومن ریسورس یاسمین مہرالنسا اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔چیئرپرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ ٹیوٹا فارن پلیسمنٹ سیل اپنے اداروں کے پاس آؤٹس کو بیرون ملک بھجوانے کیلئے رہنمائی فراہم کرے گا۔پاکستان کے پاس بیرون ممالک کو ہنر مند افرادی قوت کی برآمد میں اضافہ کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے ۔ ٹیوٹا اپنی تربیت یافتہ افرادی قوت کو بیرون ممالک کمپنیوں میں روزگار کا انتظام کرنے کیلئے روابط مزیدمؤثر کررہی ہے۔ ان اقدمات سے بے روزگاری میں کمی ہو گی اوراس طرح ہنر مند نوجوان ملکی اقتصادی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔