بجلی کی لوڈشیڈنگ نے کاروبار زندگی جام کر دیا،لیاقت بلوچ

بجلی کی لوڈشیڈنگ نے کاروبار زندگی جام کر دیا،لیاقت بلوچ

 لاہور( نمائندہ خصوصی )جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ بجلی کی بے تحاشا لوڈشیڈنگ نے کاروبار زندگی جام کر دیاہے ۔ حکومت کے بجلی بحران خاتمہ کے تمام دعوے جھوٹ اور فریب ثابت ہو رہے ہیں واپڈا کی نج کاری کے لیے بدانتظامی اور بدنیتی سے عوام کو عذاب میں مبتلا کر دیا گیاہے ۔وفاقی حکومت بدترین لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کے لیے فوری بہتر انتظامی اقدامات کرے وگرنہ پورے ملک میں عوامی احتجاج حکومت کو چھٹی کا دودھ یاد کرا دے گا ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ قومی معیشت کے لیے دھچکا ہے ۔ وفاقی حکومت پٹرولیم مصنوعات پر حکومتی ٹیکسوں کو ری ایڈجسٹمنٹ کرلیتی اور کاروبار زندگی میں استحکام برقرار رکھا جاتا ، حکومت عوام کے لیے روزگار ، زراعت و صنعت ، تجارت کو سہارا دینے کی پالیسی اختیار کرے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے ۔انہوں نے کہاکہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی بنیاد پر بجلی کی قیمت میں کمی کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ دریں اثنا لیاقت بلوچ کی مڈل ایسٹ خصوصاً سعودی عرب یمن کے حالات اور پاکستان کے کردار کے حوالہ سے جماعۃ الدعوۃ کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید اور مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس سے ملاقات ہوئی اور اس امر پر اتفاق ہوا کہ پاکستان اور ترکی ایران اور سعودی عرب میں مصالحت کا کردار ادا کریں ۔ عالم اسلام کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کے لیے عالم اسلام کی قیادت مثبت اور تعمیری کردار ادا کرے ۔۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، عبدالغفار عزیز ، میاں مقصود احمد ، امیر حمزہ ، قاری یعقوب شیخ ، سید ناصر شیرازی اور احمد سلمان بلوچ بھی ملاقات میں موجود تھے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1