فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں،ناقص اشیاء تیار کرنے پر فیکٹریاں اور ہوٹل سیل

فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں،ناقص اشیاء تیار کرنے پر فیکٹریاں اور ہوٹل سیل

 لاہور(کامرس رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مختلف کارروائیوں کے دوران کھانے پینے کی ناقص اشیاء کی تیاری اور فروخت کرنے والی فیکٹریاں اورریسٹورنٹ سیل کر دیئے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں مختلف کارروائیوں کے دوران فوڈ اتھارٹی نے سمن آباد میں کیچپ فیکٹری ، راوی ٹاؤن میں فاسٹ فوڈ شاپ ،نشتر ٹاؤن میں ڈیری شاپ جبکہ داتا گنج بخش ٹاؤن میں 4ہوٹل سر بمہر کئے۔ سمن آباد ٹاؤن کی فوڈ سیفٹی آفیسر نے ملت پارک سمن آباد میں واقع کیچپ بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا اور کیچپ کی تیاری میں ناقص سامان استعمال کرنے کی بنا پر سربمہر کر دیا اور ناقص سامان کو موقع پر ضائع کر دیا جبکہ راوی ٹاؤن کی فوڈ سیفٹی آفیسر نے کاروائی کرتے ہوئے شیخوپورہ روڈ پر واقع برگر اور پیزا ہٹ کو صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات کی بنا پر سر بمہر کیا۔علاوہ ازیں داتا گنج بخش ٹاؤن کی فیلڈ ٹیم نے ٹولنٹن مارکیٹ کے ارد گرد واقع الطاف ہوٹل ، یونس ہوٹل ، اجمیری ہوٹل اور سیالوی ہوٹل نامی ہوٹلز کو حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل نہ کرنے کی بنا پر سر بمہر کر دیا۔مزید براں نشتر ٹاؤن کی ٹیم نے باگڑیاں روڈ پر واقع پاک پتن ملک شاپ کو ناقص دودھ فروخت کرنے کی بنا پر سیل کر دیا اور دکان میں موجود 600لیٹر دودھ کوقبضے میں لے لیا جبکہ کوٹ لکھپت میں واقع ایتھکل فوڈز نامی فیکٹری کو صفائی کے ناقص انتظامات کی بنا پر جرمانہ کیا گیا اور بہتری کے احکامات جاری کئے گئے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1