ڈینگی کے خاتمے کے لئے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہو گا،مہراشتیاق احمد

ڈینگی کے خاتمے کے لئے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہو گا،مہراشتیاق احمد
  •  لاہور ( جنرل رپورٹر) رکن قومی اسمبلی و چیئرمین ٹاؤن ایمرجنسی رسپانس کمیٹی مہر اشتیاق احمد نے کہا کہ ڈینگی کا خاتمہ انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی مسئلہ جسے عوام کی شرکت اور بھرپور تعاون کے بغیر حل نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے سمن آباد ٹاؤن کی حدود میں ڈینگی کے انسداد کے لیے کام کرنے والے تمام محکموں کو لوگوں میں ڈینگی کے انسداد بارے آگہی پیدا کرنے اور لاروا کے خاتمہ کے لیے کارروائیوں کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے اور اس سلسلہ میں اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لانے کی ہدایت کی ۔انہوں نے یہ بات گزشتہ روز سمن آباد ٹاؤن میں انسداد ڈینگی بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ٹاؤن میونسپل آفیسر امتیاز اعوان ، ٹاؤن اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔ رکن قومی اسمبلی مہر اشتیاق احمد نے کہا کہ ٹاؤن میں واقعہ تمام قبرستانوں کو ہفتہ میں دو بار باقاعدگی سے چیک کیا جائے اور بارش کی صورت میں پانی کی فوری نکاسی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا کی تلاش کے لیے ایسی جگہوں کو خصوصی طور پر چیک کیا جائے، جہاں گزشتہ ڈینگی سیزن میں ڈینگی لاروا پایا گیا تھا۔اجلاس میں چیئرمین ٹاؤن ایمرجنسی رسپانس کمیٹی مہر اشتیاق احمد کو بتایا گیاکہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے استعمال ہونے والے تمام آلات ورکنگ کنڈیشن میں ہیں اور تمام یونین کونسلوں میں سپرے پمپس تقسیم کردئیے گئے ہیں۔ٹاؤن میونسپل آفسر امتیاز اعوان نے رپورٹ میں بتایا کہ ٹاؤن کی حدود میں واقع 15275اِن ڈور اور 11518آؤٹ ڈور جگہوں کو چیک کیاگیاہے جن میں سے 18اِن ڈور ، جبکہ 7آؤٹ ڈور جگہوں پر ڈینگی لاروا پایا گیا تھا جسے تلف کردیا گیاہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1