عوامی تحریک کنٹونمنٹ بلدیاتی انتخابات کیلئے امیدواروں کا اعلان آج کریگی

عوامی تحریک کنٹونمنٹ بلدیاتی انتخابات کیلئے امیدواروں کا اعلان آج کریگی

 لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چودھری افضل گجر نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے حتمی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کل کیاجائیگا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کیلئے شفاف اورغیر جانبدارانہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہیں وفاقی اور صوبائی حکومت نے اگر بلدیاتی انتخابات میں اثر انداز ہونے کی کوشش کی تو الیکشن کا انعقاد مشکل ہو جائے گا ووٹر لسٹ ،حلقہ بندی اور پولنگ سکیم انتخابی حلقوں کی ضرورت کے مطابق بنائی جائے ۔ پنجاب حکومت نے بلدیاتی الیکشن میں پری پول رگنگ کیلئے ہر رکن صوبائی اسمبلی کو کروڑوں روپے دئیے گئے جوکہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر اثر انداز ہونے کی نا کام کوشش ہے ۔مطالبہ کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن اس کھلی دھاندلی کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں کنٹونمنٹ انتخابات کے حوالے سے پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی اور تحصیل سطح کے عہدیداران کے مشاورتی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔مشاورتی اجلاس کی صدارت پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے نائب صدر راجہ زاہد محمود نے کی ،اس موقع پر فیاض وڑائچ،راجہ ندیم،محمد ارشاد طاہر،حافظ غلام فرید ،الطاف رندھاوا اور محمد لطیف مدنی بھی موجود تھے ۔چودھری افضل گجر نے کہا کہ حکمرانوں نے غریبوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ تک چھین لیا ہے عوام حکمرانوں کی نا اہلیوں کے خلاف میدان میں آنے کیلئے بے چین ہیں وزیر اعلیٰ کی ناقص پالیسیوں نے پنجاب کا بیڑہ غرق کر کے رکھ دیا ہے ۔بلدیاتی انتخابات میں عوام ان جعلی حکمرانوں کے خلاف فیصلہ دیکردودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کر دینگے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1