کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر قاضی سعید کی تعیناتی چیلنج

کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر قاضی سعید کی ...

 لاہور (نامہ نگار خصوصی) کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر قاضی سعید کی تعیناتی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیاہے،اس سلسلے میں چودھری شعیب سلیم ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ پرووائس چانسلر کی تعیناتی وزیراعلیٰ کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی سفارش پر کی گئی، پرووائس چانسلر کی تعیناتی یونیورسٹی ایکٹ کی دفعہ 6 کی خلاف ورزی ہے۔یونیورسٹی ایکٹ کی دفعہ 6کے تحت سنیارٹی لسٹ میں پہلے 3 پروفیسرز میں سے کسی ایک پروفیسر کو یونیورسٹی کا پرووائس چانسلر تعینات کیا جا سکتا ہے تاہم محکمہ صحت نے مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے حمزہ شہباز شریف کی سفارش پر سنیارٹی لسٹ میں دسویں نمبر پر آنے والے پروفیسر قاضی سعید کو پرووائس چانسلر تعینات کر دیا ہے جس سے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے تمام پروفیسرز میں بے چینی پائی جاتی ہے کیونکہ جونیئر پروفیسر کو اہم عہدے پر تعینات کرنے سے تمام پروفیسرز کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے ، درخواست گزار کے مطابق سنیارٹی لسٹ کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر محمد اویس پہلے، پروفیسر ڈاکٹر عاطف حسنین دوسرے اور پروفیسر ڈاکٹر ارشد چیمہ تیسرے نمبر پر آتے ہیں تاہم پرووائس چانسلر کی تعیناتی میں ان پروفیسرز کو نظرانداز کر دیا گیا ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر قاضی سعید کی تعیناتی کو یونیورسٹی ایکٹ کی دفعہ 6 کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کالعدم کیا جائے۔

مزید : علاقائی