تحریک انصاف کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور ایم کیو ایم کیخلاف احتجاج
لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے زیر اہتمام صوبے بھر میں عہدیداران اور کارکنان نے کراچی میں ایم کیو ایم کے خلاف اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی ، کارکنان نے حکومت اور ایم کیو ایم کے خلاف شدید نعرے بازی کی،صوبائی دارلحکومت میں صدر پنجاب اعجاز احمد چوہدری ،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر یاسمین راشدکی قیادت میں عہدیداران اور کارکنان نے ایم کیو ایم کی غنڈہ گردی پی ٹی آئی کے رہنماؤں پر حملے اور پٹرولیم مصنوعات کے قیمتوں کے ظالمانہ اضافے کے خلاف لاہور پریس کلب کے باہر شدید احتجاجی مظاہرہ کیا ،کارکنا ن نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت اور ایم کیو ایم کے خلاف نعرے درج تھے ،کارکنان نے الطاف حسین کی بھتہ خوری ،ٹارگٹ کلنگ ، دہشت گردی اور غنڈہ گردی نہیں چلے گی نہیں چلے گی ،لاٹھی گولی کر سرکار نہیں چلے گی نہیں چلے گی ، ظالموں جواب دو خون کا حساب دو ،کراچی میں معصوم اور بے گناہ عوام کا قتل عام بند کرو ، حکومت کے ضابطے ہم نہیں مانتے ،پٹرول بم نہ منظور ،غریب عوام کا معاشی قتل عام بند کرو، غریب عوام کو جینے کا حق دوجیسے نعرے لگائے، مظاہرین سے اعجاز احمد چوہدری اور ڈاکٹر یاسمین راشد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی ، کراچی سب پاکستانیوں کا ہے کل کراچی میں ایم کیو ایم نے ظلم و بربریت کی انتہا کر دی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔