سرکاری ملازمین کی تنظیم اپیکا آج سول سیکرٹریٹ کے سامنے دھرنا دیگی

سرکاری ملازمین کی تنظیم اپیکا آج سول سیکرٹریٹ کے سامنے دھرنا دیگی

 لاہور( خبرنگار ) صوبے بھر کے سرکاری ملازمین نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لئے آج صبح سول سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاجی دھرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔ ایپکا ( چودھری محمد افضل گروپ) کے مرکزی رہنما سلطان مجددی، ندیم چغتائی اور چودھری عبدالشکور نے صحافیوں کو بتایا کہ حکومت نے سرکاری ملازمین کے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل درآمد نہیں کیا ہے جس پر احتجاجی تحریک شروع کر دی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ دو روز قبل بھی حکومت کو سرکاری ملازمین کے مطالبات کے لئے 24 گھنٹے کی مہلت دی گئی تھی حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی ۔ ایپکا کے مرکزی رہنما سلطان مجددی نے کہا کہ ملک بھر کے 22 لاکھ سرکاری ملازمین نے مشترکہ طور پر احتجاجی تحریک شروع کی ہے اور اس میں اب حکومت کے ساتھ مذاکرات کی بجائے سڑکوں پر دما دم مست قلندر ہو گا جس میں آج سول سیکرٹریٹ کا گھیراؤ کیا جا رہا ہے جس میں جی پی او سے سول سیکرٹریٹ تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی اور اس کے بعد سول سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائیگا ۔ اس موقع پر سلطان مجددی او ندیم چغتائی نے مزید بتایا کہ 13 اپریل کو پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔ جبکہ دوسرے مرحلہ میں ایوانِ وزیر اعلیٰ کا گھیراؤ کیا جائیگا۔

مزید : علاقائی