یمن میں حوثی باغیوں کے عزائم خطرناک ہیں،جماعۃ الدعوۃ

یمن میں حوثی باغیوں کے عزائم خطرناک ہیں،جماعۃ الدعوۃ

لاہور(اے این این )جماعۃالدعوۃ پاکستان کے مرکزی رہنماؤں نے کہا ہے کہ سرزمین حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے پاکستان کو سعودی عرب کی ہر ممکن مدد کرنی چاہیے۔یمن میں باغیوں کے عزائم خطرناک ہیں۔ مسلم حکمرانوں کو مل کر سعودی عرب کے خلاف سازشوں کا سدباب کرنا چاہیے۔ سیاسی و عسکری قیادت کاسعودی عرب سے دفاعی تعاون کا فیصلہ پوری قوم کے دل کی آواز ہے۔پوری پاکستانی قوم سرزمین حرمین الشریفین کے تحفظ کے لیے کٹ مرنے کو تیار ہے۔مسلمانوں کے روحانی مرکز کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی سازشیں ان شاء اللہ کامیاب نہیں ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار جماعۃالدعوۃ سیاسی امو رکے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا امیر حمزہ، قاری محمد یعقوب شیخ، انجینئر نوید قمر اور حافظ خالد ولید نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ حقیقت میں یمن کے باغیوں کا اصل ہدف سعودی عرب ہے۔ حوثی باغیوں کی سیاسی اور فوجی اعتبار سے مدد کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ سعودی عرب عالم اسلام کا روحانی مرکز ہے، جس کی حفاظت مسلمان اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ مسلم ملکوں میں بغاوتوں کو ہوا دے کر قتل و غارت کی راہ ہموار کرنا عالم کفر کا وطیرہ رہا ہے۔ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم ان کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہیں۔ نواز شریف اسلام آباد میں مسلم سربراہان کو اکھٹا کرکے واضح لائحہ عمل ترتیب دیں‘ پورا عالم اسلام ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا۔جماعۃالدعوۃ کے رہنماؤں نے کہاکہ صلیبیوں و یہودیوں کی حرمین الشریفین کیخلاف سازشوں سے پوری امت کو آگاہ کریں گے۔سعودی عرب مسلمانوں کا روحانی اور پاکستان دفاعی مرکز ہے۔ حرمین الشریفین کا تحفظ اپنا دینی فریضہ سمجھ کر اداکریں گے۔

مزید : صفحہ آخر