این اے46 2میں ضمنی الیکشن ‘ گورنر سندھ نے متحدہ اور تحریک انصاف میں صلح کرادی

این اے46 2میں ضمنی الیکشن ‘ گورنر سندھ نے متحدہ اور تحریک انصاف میں صلح کرادی

 کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک،اے این این ) این اے246کے ضمنی الیکشن کی جنگ،گورنر سندھ نے متحدہ اور تحریک انصاف میں صلح کرادی،عشرت العباد سے متحدہ اور پی ٹی آئی کے وفد کی ملاقات،دونوں جماعتوں کے درمیان کشیدگی ختم،انتخابی مہم کے لئے بنیادی نکات پر اتفاق،متحدہ نے تحریک انصاف کے جناح گراؤنڈ میں جلسے پر تحفظات بھی واپس لے لئے۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو گورنر ہاؤس کراچی میں ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے نمائندہ وفود نے گورنر سندھ عشرت العباد سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات کا انعقاد داکٹر عشرت العباد نے الطاف حسین کی خواہش پر کیا تھا جس میں ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی اور کنور نوید جمیل جبکہ پی ٹی آئی کی طرف سے عمران اسماعیل ، عارف علوی ، خرم شیر زمان اور فردوس شمیم نے شرکت کی ۔اس موقع پر اعلیٰ پولیس حکام اور کمشنر کراچی بھی موجود تھے۔اجلاس میں تحریک انصاف کے وفدنے عزیز اآباد کے علاقے جناح گراؤنڈ میں گزشتہ روز پیش آنے والے واقعہ کی تفصیلات سے گورنر کو آگاہ کیا اور بتایا کہ تحریک انصاف کے رہنما سے بد تمیزی کی گئی اور کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ۔ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ جناح گراؤنڈ میں ہونے والے واقعہ پر الطاف حسین نے بے پناہ افسوس کا اظہار کیا ، الطاف حسین نے ایک بیان جاری کیا ، جس میں انہوں نے پی ٹی آئی کے جلسے کا خیر مقدم کیا ہے،تحریک انصاف جہاں چاہے جلسہ کرنے میں آزاد ہے۔انھوں نے کہا کہ الطاف حسین نے ایم کیوایم کے کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر قسم کی محاذ آرائی اور اشتعال انگیزی سے بچیں۔ایم کیو ایم کے قائد نے ضمنی الیکشن کے حوالے سے کوڈ آف کنڈکٹ بنا نے کی بھی بات کی ہے جس پر تمام سیاسی جماعتیں عمل کریں گی تاکہ پرامن انداز میں انتخابات ہوں ، عوام کی منشا اور مرضی سامنے آ سکے۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ روز کے واقعہ کے بعد الطاف حسین کی خواہش پر ہم نے فوری اجلاس بلایا جس میں ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے رہنما بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں الیکشن مہم کے لئے بنیادی نکات پر اتفاق کر لیا گیا ہے، کشیدگی کسی فریق کے لئے مناسب نہیں ۔ اس موقع پرتحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ میں تحریک انصاف کی جانب سے گورنر کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے گذشتہ واقعہ کے بعد کشیدگی ختم کرنے کے لئے بہت مدد کی ہے ،الطاف حسین کے بیان کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں، ہم پر امن طریقے سے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں ، ہم چاہتے ہیں کہ عوام حقیقی معنوں میں جس کا انتخاب کرے وہ اسمبلی میں جائیں ، ایک سیٹ پی ٹی آئی یا ایم کیو ایم کو مل جائے تو اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا لیکن ہم نے کہا تھا کہ کراچی میں خوف کی فضاء کو ختم کریں گے اس کے لئے ہم کوشش کررہے ہیں ۔ ایم کیو ایم کے رہنما کنور نوید جمیل نے کہا ہے کہ الطاف حسین جمہوری اقدار پر یقین رکھتے ہیں ، پی ٹی آئی نے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کیا تو انہوں نے پی ٹی آئی کو خیر مقدم کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ گذشتہ روز بڑا افسو سناک واقعہ ہو اس کی تفصیل میں جانے سے مزید تلخیاں جنم لیں گی ، الطاف حسین کا بڑا مثبت بیان آیا ہے ، گورنر سندھ نے اجلاس بلایا میں ان کا بھی شکر گزار ہوں ، تمام سیاسی جماعتوں کو کو شش کرنی چاہئے ہر سیاسی پارٹی کے ہیڈ آفس کی حسیاسیت کا خیال رکھا جائے ۔انھوں نے کہا کہ جمہوریت سیاسی جماعتوں کے عمل کی وجہ سے چلتی ہے ، الطاف حسین کے بیان کے بعد ہمیں جلسے کی جگہ پر کوئی اعتراض نہیں ۔

مزید : صفحہ اول