فلسطین کو عالمی فوجداری عدالت کی باقاعدہ رکنیت مل گئی

فلسطین کو عالمی فوجداری عدالت کی باقاعدہ رکنیت مل گئی
فلسطین کو عالمی فوجداری عدالت کی باقاعدہ رکنیت مل گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

دی ہیگ (ویب ڈیسک) فلسطین کو عالمی فوجداری عدالت کی باقاعدہ رکنیت مل گئی۔ ذرائع کے مطابق فلسطینی وزیر خارجہ ریاض مالکی نے دی ہیگ میں ایک تقریب میں شرکت کی جسے ذرائع ابلاغ میں زیادہ نمایاں نہیں کیا گیا۔ فلسطین عالمی عدالت کا 123 واں رکن بن گیا ہے، رکنیت ملنے کے بعد اب عالمی عدالت اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جارحیت کے دوران جنگی جرائم کی تحقیقات کرسکے گی۔ اس موقع پر فلسطینی وزیر خارجہ ریاض مالکی نے فلسطینی ریڈیو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے عوام کو مایوس نہیں کرنا چاہتا اور یہ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ عالمی عدالت کا طریقہ کار بہت سست اور طویل ہے اور اس میں اتنی رکاوٹیں اور چیلنج ہیں کہ اس معاملے میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق فلسطین کو رکنیت ملنے کے بعد اسرائیل کو عالمی سطح پر کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ دوسری جانب ناقدین کا یہ بھی کہنا ہے کہ عالمی عدالت کی رکنیت کے فیصلے سے اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے کے امکانات کو نقصان پہنچے گا۔