ٹی 20ورلڈ کپ : شکست کی وجہ کپتان آفریدی قرار ، انتخاب عالم کا رپورٹ میں بیان
لاہور(اے این این) ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بدترین کارکردگی سے متعلق قومی ٹیم کے منیجر انتخاب عالم کی خفیہ رپورٹ بھی منظرعام پرآگئی جس میں انہوں نے شکست کا ذمہ دار شاہد آفریدی کو قرار دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مطابق ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی شکست اور بدترین کاکردگی سے متعلق قومی ٹیم کے منیجرانتخاب عالم کی رپورٹ منظرعام پر آگئی جس میں انہوں نے ساری ذمہ داری ٹی ٹوئنٹی کے کپتان شاہد آفریدی پر ڈال دی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آفریدی ایک ایسا کپتان ہے جسے کچھ پتہ ہی نہیں، شاہد آفریدی کو کپتانی اور کسی بھی چیز کااندازہ نہیں ہے جب کہ بھارت میں آفریدی کا بیان بھی ایک تنازعہ کی صورت میں سامنے آیا۔انتخاب عالم نے روپوٹ میں کہا کہ ہماری بالنگ ،بیٹنگ اور فیلڈنگ میں بہت سی خامیاں تھی جب کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بھارت میں ہونیکی وجہ سے بھی ٹیم دباؤ کا شکار رہی، شاہد آفریدی نے ایشیا کپ میں انورعلی کو ٹیم میں شامل کرنے کیلیے وہاب ریاض کوڈراپ کیا اورآفریدی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کیخلاف میچ میں حفیظ کی جگہ خود ون ڈان پوزیشن پر کھیلنے آئے، محمدعامرکو بھی اس وقت بولنگ دی گئی جب میچ ہاتھ سینکل گیا تھا۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ وکٹ کیپر بیٹسمین سرفرازاحمد کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں صحیح استعمال نہیں کیا گیا جب کہ ان کی گزشتہ 4 اننگز میں اچھی پرفارمنس رہی ہے، عمراکمل کواسکواڈ میں شامل کرنا بھی شاہد آفریدی کی غلطی تھی جو نہ گیم کوسمجھتے ہیں نہ کھیلنے کی ذمہ داری لیتے ہیں۔ اس پہلے وقار یونس کی خفیہ رپورٹ بھی میڈیا پر آ گئی تھی جو بقول ان کے شہریار خان کے گھر دے کر اسے خفیہ رکھنے کی درخواست کی گئی تھی۔