میرے استعفے سے مسئلہ حل ہوتا ہے تو جانے کو تیار ہوں:شہریار خان
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) چئیرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا ہے کہ میرے جانے سے مسائل حل ہوتے ہیں تو گھر جانے کے لیے تیار ہوں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چئیرمین پی سی بی شہریار خان سے بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے ملاقات کی جس میں قومی ٹیم کی خراب کارکردگی کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر شہریار خان کا کہنا تھا کہ اگر میرے استعفے سے پاکستان میں موجود کرکٹ کے مسائل دور ہو جاتے ہیں تو میں گھر جانے کے لیے تیار ہوں جس پر نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ آپ استعفے مت دیں بلکہ مل جل کرمسائل کا حل نکالنے کے لئے ساتھ دیں۔یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر انتخاب عالم اپنی رپورٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کی شکست کا ذمہ دار شاہد آفریدی کو قرار دے چکے ہیں جب کہ ہیڈ کوچ وقار یونس نے بھی اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ شاہد آفریدی نے کئی اہم مواقع پر غیر سنجیدہ فیصلے کئے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہاہے کہ میں نے کوئی استعفیٰ نہیں دیاہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ استعفے سے متعلق تمام باتیں افواہیں ہیں ،میں نے کوئی استعفیٰ نہیں دیا ہے ،تحقیقاتی کمیٹی نے آج رپورٹ مکمل کر لی ہے اور مجھے مل گئی ہے ،رپورٹ سٹڈی کروں گا۔اس سے قبل شہریار خان نے کہا تھا کہ اگر میرے استعفیٰ دینے سے پی سی بی کے معاملات بہتر ہوتے ہیں تو میں مستعفی ہو جاتا ہوں جس کے بعد نجم سیٹھی نے شہر یار خان سے ہنگامی ملاقات کی تھی اور دونوں کے درمیان پی سی بی کے مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔