کاریگروں کو سہولیات فراہم کرنے سے گولڈ کی مارکیٹ بہتر ہو جائے گی

کاریگروں کو سہولیات فراہم کرنے سے گولڈ کی مارکیٹ بہتر ہو جائے گی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اے پی پی) پاکستان میں گولڈ کے کاریگروں کو سہولیات فراہم کرنے سے گولڈ کی مارکیٹ بہتر ہو جائے گی، وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب مرکنٹائل ایکسچینج کی ترقی میں گہری دلچسپی لے رہی ہے۔ پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج (پی ایم ای ایکس) کے منیجنگ ڈائریکٹر اعجاز علی شاہ نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دبئی گولڈ کی بہت بڑی مارکیٹ ہے اور وہاں پر زیادہ تر ہمارے ملک کے کاریگر ہی کام کر رہے ہیں، اگر پاکستان میں ان کاریگروں کو تمام سہولیات فراہم کر دی جائیں تو ہمارے ملک میں بھی گولڈ کی مارکیٹ بہتر ہو سکتی ہے، حکومت مرکنٹائل ایکسچینج کی ترقی میں گہری دلچسپی لے رہی ہے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے انضمام کے بعد ملک میں اب دو ایکسچینج ہو گئی ہیں اور حکومت چاہتی ہے کہ گراس روٹ لیول پر لوگ اس سے مستفیذ ہو سکیں جبکہ حکومت پنجاب بھی مرکنٹائل ایکسچینج میں بہت دلچسپی لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیزکل ڈیلیوریز پر سیلز ٹیکس لگتا ہے جس کی وجہ سے لوگ کام کرنے میں محتاط نظر آتے ہیں جس پر کام کرنے کی بہت ضرورت ہے اور اس پر ہم نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور متعلقہ اداروں سے ابتدائی گفت و شنید کی ہے کہ کس طرح درپیش مسائل کو دور کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر ہماری کوشش ہونی چاہئے کہ ہم زیادہ سے زیادہ ٹریڈرز کو اس پلیٹ فارم پر لے کر آئیں تاکہ سب کی ڈاکومینٹیشن ہو اور اگر کچھ ٹیکس دینا پڑتا ہے تو بالکل دینا چاہئے۔
کیونکہ گراس روٹ لیول تک اس کا فائدہ پہنچ رہا ہے اور سب اگر ڈاکومینٹڈ اور ریگولیٹڈ پلیٹ فارم پر آجائیں تو آئندہ ہمارے لئے ٹیکس دینا آسان ہو جائے گا۔ پی ایم ای ایکس کو مزید فروغ دینے کے لئے لائحہ عمل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سیکوریٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ہمیں بہت سپورٹ فراہم کی ہے اور انہوں نے اپنا لائحہ عمل ہمیں بتا دیا ہے اور گائیڈ لائن بھی دے دی ہے جس کو مدنظر رکھ کر ہم ایگری پراڈکٹس پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے آگے کی جانب گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج کو مزید فروغ دینے کے لئے ضروری ہے کہ دیگر ادارے بھی اس ادارے کو اپنی سپورٹ فراہم کریں جس میں مرکزی بینک، ٹیکس اتھارٹیز سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی سپورٹ لازم ہے۔ اعجاز علی شاہ نے بتایا کہ پی ایم ای ایکس کے دفاتر جلد اسلام آباد اور لاہور میں بھی کھولے جائیں گے جس کے بعد آئندہ چند سالوں میں ملک کے دیگر شہروں میں بھی پی ایم ای ایکس کی برانچیں کھولی جائیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب میں زرعی مصنوعات زیادہ پیدا ہوتی ہیں اس لئے وہاں پر زیادہ فوکس کرنا ہو گا جس کے لئے ہم اپنے بروشرز کے ساتھ ساتھ فارمرز سے ملاقات کر کے روڈ شوز کا بھی انعقاد کریں گے تاکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ آگاہمی فراہم کی جا سکے۔

مزید :

کامرس -