صوبائی دارالحکومت، 9مصروف شاہراہوں پر کمرشل عمارتوں میں پارکنگ کی سہولت نہ دینے کا اقدام چیلنج
لاہور(نامہ نگار خصوصی )شہر کی 9 مصروف شاہراہوں پر کمرشل عمارتوں میں پارکنگ کی سہولت نہ دینے کا اقدام ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا، عدالت نے کمشنر لاہور ڈویژن اور چیف ٹاؤن پلانرایل ڈی اے سے 5مئی تک تفصیلی جواب طلب کر لیا۔جسٹس شجاعت علی خان نے معظم علی شاہ ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی،د رخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ایل ڈی اے کے افسروں کی ملی بھگت سے بائی لاز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فین روڈ، مزنگ روڈ، گلبرگ مین بلیوارڈ، مال روڈ، بیگم روڈ، اقبال ٹاؤن مین بلیووارڈ، علامہ اقبال روڈ اور ڈیوس روڈ پر کمرشل عمارتیں قائم کی جا رہی ہیں لیکن ان عمارتوں اور پلازوں میں پارکنگ کی سہولت نہیں دی جا رہی ہے ، ان کمرشل عمارتوں میں آنے جانے والے سڑک پر اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں پارک کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان سڑکوں پر ٹریفک جام رہتی ہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، انہوں نے استدعا کی کہ ان شاہراؤں پر کمرشل عمارتوں میں پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے کا حکم دیا جائے ، عدالت نے کمشنر لاہور ڈویژن اور چیف ٹاؤن پلانر ایل ڈی اے کو 5مئی تک تفصیلی جواب پیش کرنے کا حکم دے دیاہے۔