پختونوں نے دنیا کو دہشتگردی سے بچانے کیلئے جانوں کی قربانیاں دیں :ارشد عبداللہ

پختونوں نے دنیا کو دہشتگردی سے بچانے کیلئے جانوں کی قربانیاں دیں :ارشد ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


چارسدہ (بیورو رپورٹ ) سابق وزیر قانون بیر سٹر ارشد عبداللہ نے کہا ہے کہ پختونوں نے دنیا کو دہشت گردی سے بچانے کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کئے مگرہمارے شہیدوں کا مذاق اُڑا یا گیا ۔ خیبر پختون نخوا گزشتہ 35سال سے دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے مگر دنیا ہمارا تماشہ دیکھتی رہی ۔ لاہور دھماکہ پر وفاق اور تینوں صوبائی حکومتوں کی پختونوں کے ساتھ دوغلی پالیسی کا بھانڈا پھوٹ چکا ہے ۔ عمران خان اور ان کے رفقاء دہشت گردوں کے خلاف ایک لفظ تک نہیں بولتے اس لئے ان کو دہشت گردوں سے کوئی خطرہ نہیں۔ وہ میرہ پڑانگ میں ذکاء اللہ ، خادم حسین ،اسلم خان اور درجنوں دیگر عمائدین کا عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری محمد احمد خان ،ہدایت اللہ خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے سابق صوبائی وزیر قانون بیرسٹر ارشد عبداللہ اور محمد احمد خان نے کہا کہ اے این پی پختون سر زمین کی سیاسی وارث ہے کیونکہ اے این پی نے 800کارکنوں ،وزراء اورایم پی ایز کی قر بانیاں دی ہے جبکہ پارٹی اکابر اورخدائی خدمتگاروں کی جان و مال کی قربانیوں کی بھی ایک طویل تاریخ موجو دہے ۔ انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کے تمام وعدے اور دعوے جھوٹ کا پلند ہ ثابت ہو ئے ۔تین سال مکمل ہونے کو ہے مگر تحریک انصاف کی صوبائی حکومت ایک بھی میگا پراجیکٹ شروع نہ کر سکی ۔ شریف برادران نے عمران خان کو خیبر پختون خواہ میں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حکومت بنانے کا موقع دیا ہے ۔عمران خان ،وزیر اعلی پر ویزخٹک اور تحریک انصاف کے ارکان پارلیمنٹ سمیت تمام قیادت دہشت گردی کے خلاف ایک لفظ تک نہیں بولتے جس کی وجہ سے ان کو دہشت گردوں سے کوئی خطرہ نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پختون قوم نے دنیا کو دہشت گردی سے بچانے کیلئے لا زوال قربانیوں کی تاریخ رقم کی ہے۔ 35سال تک خیبر پختونخوا دہشت گردی کے آگ میں جلتا رہامگر دنیا ہمارا تماشہ دیکھتی رہی آج لاہور میں ایک دھماکہ پر وزیر اعظم اور آرمی چیف رات گئے ہنگامی بنیادوں پر اجلاس منعقد کر تے ہیں جبکہ وزیر اعظم امریکہ کا شیڈول دورہ بھی ملتوی کرتے ہیں ۔ پنجاب کے ساتھ ساتھ سندھ اور بلوچستان بھی پختونوں کے خون اور ہمارے شہداء کا مذاق اُڑاتے ہیں ۔ لاہور دھماکے کے بعد ہر کوئی لاہور جا کر شریف براداران اور پنجاب سے ہمدردی جتا کر شہداء کے لواحقین او ر زحمیوں کیلئے بھاری رقومات کا اعلان کر تے نظر آئے جبکہ ہمارے شہداء کے لو احقین کو اب تک اعلان کر دہ پیکج بھی نہیں ملا ۔ وزیر اعظم میاں نواز شریف آج تک باچا خان یونیورسٹی اور شبقدر خودکش حملے پر خاموش ہیں اگر ان کو پختونوں کی خون کی قدر ہو تی تو وہ ہمارے شہداء کا اس طرح مذاق نہ اُڑاتے ۔ انہوں نے کہاکہ وقت آچکا ہے کہ پختون قوم اتفاق اور اتحاد کا مظاہرہ کرکے اپنے حق کیلئے اکٹھے ہو جائے بصورت دیگر پختونوں کے خلاف اب پرائے لوگوں کے ساتھ ساتھ اپنے ملک کے لوگ بھی سازشیں کرنے لگیں ہیں جن کے خطرناک نتائج برآمد ہو نگے ۔