وقار اور انتخاب کی رپورٹس ایک ہی شخص نے لکھیں اور لیک کردیں
کولکتہ (ویب ڈیسک) وقار یونس کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے منیجر انتخاب عالم کی ٹور رپورٹ لیک ہونے سے ایک جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایک اور بدانتظامی سامنے آئی ہے۔ اخبار روزنامہ جنگ کے مطابق ہیڈ کوچ اور منیجر کی رپورٹ کا سکرپٹ رائٹر اور ڈائریکٹر ایک ہی ہے۔ جس نے ایک ایسی غیر ملکی ویب سائٹ کو پاکستانی کرکٹ کی بدنامی کے لئے دونوں رپورٹ کے خفیہ اور حساس معاملات کو میڈیا میں افشا کردیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ حال میں سفر کرنے والے ایک افسر نے اپنی شیکسپئر انداز کی بڑی مشکل انگریزی میں دونوں رپورٹس تحریر کیں اور اس انداز میں رپورٹ کو لیک کیا کہ بورڈ کے افسران اور ٹیم انتظامیہ میں بدگمانیاں پیدا ہوئیں اور انہوں نے ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھہرادیا۔ وقار یونس شہریار خان پر برس پڑے اور نجم سیٹھی کو اپنی وضاحت کے لئے میڈیا میں جانا پڑا۔ اخبار کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر اور کوچ کی خفیہ رپورٹس اسی شخص نے تحریر کیں جس نے اسے میڈیا میں جاری کیا اور بورڈ کے بڑوں کو وقار یونس کے سامنے گندا کردیا۔ ماضی میں بورڈ کے ساتھ کام کرتے ہوئے یہی افسر شعیب اختر اور محمد آصف کی ڈوپ ٹیسٹ کی رپورٹ لیک کرچکے ہیں۔