چیئرمین علماءکونسل پر امریکی این جی او، جرمن سفارتخانے سے بھاری رقوم وصول کرنے کا انکشاف، طاہر محمود اشرفی کی تردید
اسلام آباد (ویب ڈیسک) چیئرمین پنجاب علماءکونسل طاہر محمود اشرفی پر امریکی این جی او اور جرمن سفارتخانے سے بھاری رقوم وصول کرنے کا انکشاف، نجی ٹی وی کے مطابق طاہر اشرفی نے امریکی این جی او آئی سی آر ڈی سے 90 ہزر ڈالر اور جرمن سفارتخانے سے 43لاکھ 44 ہزار روپے لئے۔ طاہر اشرفی نے یہ رقم علم و عمل فاﺅنڈیشن کے نام پر وصولی کی۔ طاہر اشرفی نے دہشتگردی کے رجحانات کے خاتمے اور سارس میں دہشتگردی کی مانیٹرنگ کے نام پر بھاری رقوم وصول کیں۔ مذکورہ بھاری رقوم کیولری گراﺅنڈ کے نجی بینک اکاﺅنٹ میں جمع کرائی گئی۔
دوسری جانب طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ امریکی این جی او اور جرمن ادارے فنڈنگ کی تردید کرچکے ہیں۔ جرمن سفیر نے کئی بار فنڈنگ کی تردید کی ہے۔ میں نے پاکستان اور اسلام دشمنی پر مبنی کبھی کوئی کام نہیں کیا۔ میری زندگی کی جدوجہد اسلام اور پاکستان کیلئے ہے۔ دہشتگردی کے خلاف بات کرنا جرم ہے تو یہ جرم کرتا رہوں گا۔