پی ایس ایل : چھٹی ٹیم کیلئے بورڈ آف گورنر ز کا اجلاس بلایا جائیگا : نجم سیٹھی

پی ایس ایل : چھٹی ٹیم کیلئے بورڈ آف گورنر ز کا اجلاس بلایا جائیگا : نجم سیٹھی
 پی ایس ایل : چھٹی ٹیم کیلئے بورڈ آف گورنر ز کا اجلاس بلایا جائیگا : نجم سیٹھی

  


اسلام آباد (آن لائن)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہناہے کہ لیگ کے اگلے ایڈیشن میں چھٹی ٹیم کی شمولیت اور پاکستان میں میچوں کے انعقاد سمیت اہم فیصلوں کے لیے بورڈ آف گورنرز (بی اوجی) کا اجلاس ایک ماہ کے دوران طلب کیا جائے گا۔ْ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ 'ہم نے پی ایس ایل میں چھٹی ٹیم کے اضافے پر بحث کی ہے اور یہ ٹیم آزاد کشمیر، گلگت یا کوئی اور ہوسکتی ہے'۔پی ایس ایل چیئرمین کا کہنا تھا کہ 'بی او جی کی آخری ملاقات میں اس نکتے پر بحث ہوئی ہے لیکن اگلے سیزن کے حوالے سے مزید کئی اہم فیصلے لینے ہیں اور اس کو حتمی شکل دینے کے لیے بی او جی کے اراکین کا ایک خاص اجلاس طلب کیا جائے گا'۔ان کا کہنا تھا کہ 'میں اپنے ٹویٹ میں پہلے ہی آزاد کشمیر کو چھٹی ٹیم کے طور پر حمایت کا اعلان کرچکا ہوں لیکن چھٹی فرنچائز کے حتمی فیصلے کے لیے بی او جی کے اجلاس میں ہمیں اس پر بحث کرنے کی ضرورت ہے اور امید ہے کہ گزشتہ دونوں سیزن کی طرح چھٹی ٹیم بھی مہنگے داموں فروخت ہوگی'۔نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ چھٹی ٹیم کے اضافے کے بعد ٹورنامنٹ میں 10 مزید میچ بھی ہوں گے جس کے بعد مجموعی طور پر 34 میچ ہوں گے، 'اور اس سے ہماری لیگ کی قیمت

بڑھے گی جو براڈکاسٹرز کے لیے ایک اچھی خبر ہوگی جنھوں نے پی ایس ایل کے حقوق تین سال کے لیے خریدے ہیں تاہم یہ فیصلہ خاص اجلاس میں ہی ہوگا'۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن میں لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں میچز ہوسکتے ہیں کیونکہ سیکیورٹی کی صورت حال بہت بہتر ہوچکی ہے اور سیکیورٹی ایجنسیاں میچوں کے انتظام کے لیے بہتر طور پر تیار ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی