پنجاب بھر میں کومبنگ ، سرچ آپریشن مزید تیز کرنے کا فیصلہ ، داخلی ، خارجی راستوں کی نگرانی سخت کی جائیگی

پنجاب بھر میں کومبنگ ، سرچ آپریشن مزید تیز کرنے کا فیصلہ ، داخلی ، خارجی ...

لاہور(جنرل رپورٹر228ایجنسیاں)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کا اجلاس ہوا ،جس میں پنجاب کے داخلی اورخارجی راستوں کی نگرانی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں ۔پولیس اورقانون نافذ کرنیوالے ادارے امن وعامہ یقینی بنانے کیلئے جانفشانی اورمستعدی سے فرائض سرانجام دیں ۔مساجد،امام بارگاہوں،گرجاگھروں اوردیگر عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر بھر پور توجہ دی جائے ۔ موجودہ حالات ہنگامی اقدامات کے متقاضی ہیں ۔اس لئے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے سب کو ملکر فعال اورمتحرک انداز میں ذمہ داری نبھانا ہوگی۔حساس تنصیبات اورعمارتوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وضع کردہ سکیورٹی پلان کی مکمل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے ۔کومبنگ اورسرچ آپریشن مزید تیز کیے جائیں ۔عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے حوالے سے کیے جانیوالے اقدامات کا باقاعدگی سے آڈٹ جاری رکھا جائے،عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔کابینہ کمیٹی برائے امن و امان سکیورٹی انتظامات کا باقاعدگی سے جائزہ لے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ نفرت انگیز موادکی اشاعت و تقسیم کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے،لاؤڈ سپیکر پرپابندی کے قانون پر سختی سے عملدر آمد کرایا جائے ۔ دہشت گرد اوران کے سہولت کار دھرتی کا بوجھ ہیں اوردہشت گردی کے ناسورکے خاتمے کیلئے پوری قوم متحد ہوچکی ہے ۔انشاء اللہ اتحاد کی قوت سے ملک کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کر کے اسے امن کا گہوارا بنائیں گے۔کابینہ کمیٹی نے پاراچنار میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی اورشہداکے لواحقین سے دلی ہمدردی اوراظہار تعزیت کیا،زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ خان،ایوب گادھی،مشیر رانا مقبول احمد ،چیف سیکرٹری،قانون نافذ کرنے والے سول اداروں کے اعلی حکام اورمتعلقہ افسروں نے اجلاس میں شرکت کی۔ دریں اثنا مسلم لیگ (ن) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا ہے کہ 2017 عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا سال ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور صرف عوام کی بے لوث خدمت ہے۔بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو عوام نے ہر موقع پر رد کیا ہے۔ملک میں الزام تراشی کی نہیں، صرف خدمت کی سیاست ہوگی۔ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور جب تک سانس میں سانس ہے، عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔ وسائل قوم کی امانت ہیں اوراسے عوام کو سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کرتے رہیں گے ۔ مفاد عامہ کے منصوبوں پربلاجواز تنقید کرنیوالے عوام کی ترقی اورخوشحالی کے دشمن ہیں انہوں نے کہا کہ شفافیت اور خدمت کی سیاست نے ہمیشہ بہتان طرازی اور منفی سیاست کو شکست دی ہے اور باشعور عوام ترقی و خوشحالی کی مخالفت کی سیاست کرنے والوں کو 2018 کے عام انتخابات میں بری طرح شکست دیں گے اور یہ عناصر پہلے بھی ناکام رہے اور آئندہ بھی ناکام رہیں گے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں بے لوث عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔

شہباز شریف

مزید : صفحہ اول