ملک و قوم کی خدمت کرنیوالے ہی آئندہ انتخابات میں کامیاب ہوں گے: مریم اورنگزیب

ملک و قوم کی خدمت کرنیوالے ہی آئندہ انتخابات میں کامیاب ہوں گے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ2018ء کے انتخابات میں فتح کارکردگی سے ہی حاصل کی جا سکتی ہے، ملک کی ترقی کے لیے کچھ نہ کرسکنے والے الیکشن کا ماحول پیدا کر رہے ہیں، وزیر اعظم ملک کے مستقبل کو آئندہ نسل کی نظر سے دیکھ رہے ہیں ہماری سیاسی سوچ جو بھی ہو لیکن ہمارا مقصد پاکستان کی ترقی ہونا چاہیے، عمران خان آئندہ ڈیڑھ سال درخت ہی لگاتے رہیں تو خیبر پختونخوا کے عوام کی بہتری کیلئے کچھ نہ کچھ کر لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کنونشن سنٹر اسلام آباد میں نجی سکول کی سالانہ تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں نوجوان نسل کو پاکستان کے اندر روزگار اور ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے ،پچھلے دس پندرہ سال سے نوجوان ملک سے باہر جا کر روزگار ڈھونڈتے رہے ہیں جبکہ ہمارا ہر منصوبہ پاکستان کے مستقبل کے لیے ہے اور ان منصوبوں کا مقصد آئندہ نسلوں کی خوشحالی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں میں مختلف حکومتیں کام کر رہی ہیں، ہمارے خیالات خواہ مختلف ہوں لیکن مقصد پاکستان کی ترقی ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ اس وقت ملک میں جو جماعتیں الیکشن کا ماحول پیدا کر رہی ہیں انہوں نے نہ تو پہلے ملک کی ترقی کے لیے کچھ کیا اور نہ ہی اب کچھ کر سکی ہیں، ڈیڑھ سال باقی رہ گیا ہے اور عمران خان نے خیبر پختونخوا میں درخت لگانے کا کام شروع کیا ہے اگر عمران خان اگلے ڈیڑھ سال درخت ہی لگائیں تو بھی خیبر پختونخوا کے عوام کی بہتری کیلئے کچھ کر لیں گے 2018کے انتخابات میں فتح اسکی ہو گی جس نے ملک اور عوام کے لیے کچھ کیا ہو گا فتح کارکردگی سے ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔

مریم اورنگزیب

مزید : صفحہ آخر