ملکی معیشت میں تربیلا ڈیم پراجیکٹ کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے

ملکی معیشت میں تربیلا ڈیم پراجیکٹ کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے

ہریپور( نامہ نگار)جنرل منیجر تربیلہ اقبال مسعود صدیقی نے کہا ہے ملکی معیشت میں تربیلہ ڈیم پراجیکٹ کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے اور اس کے چوتھے توسیعی منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے جو جلد ہی اپنی پیداوار شروع کر دے گا۔ جنرل منیجر تربیلہ اقبال مسعود صدیقی جو کہ اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد 30مارچ 2017 ؁ء کو ریٹائر ہو گئے ہیں واپڈا ملازمین تربیلہ کی جانب سے اپنے اعزاز میں دی گئی الوداعی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ جنرل منیجر تربیلہ اقبال مسعود صدیقی نے کہا کہ 100ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والے تربیلہ ڈیم کے چوتھے توسیعی منصوبے کی تعمیر میں کام کے معیار کو بہتر بنایا گیا ہے جو جلد ہی اپنی تکمیل کے بعد قومی گرڈ کو 1410میگا واٹ بجلی کی فراہمی شروع کر دے گا جس سے ملکی معیشت کی ترقی اور استحکام میں مدد ملے گی بلکہ لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے سلسلے میں بھی یہ منصوبہ اہم کردار ادا کرے گا انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس منصوبے میں کسی قسم کی کوئی کرپشن نہیں ہوئی۔ جنرل منیجر تربیلہ اقبال مسعود صدیقی نے کہا کہ تین سال قبل جب انھوں نے تربیلہ ڈیم پراجیکٹ کی ذمہ داریاں سنبھالیں تو خاصے مشکل حالات تھے لیکن انھوں نے اپنی قابل اور مخلص ٹیم کے ساتھ مل کر ان مشکل حالات کا سامنا کیا اور اپنی پوری صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پراجیکٹ سے متعلقہ مسائل حل کرنے کی کوشش کی۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ جب انھوں نے تربیلہ ڈیم کا چارج سنبھالا تو یہاں کے ملازمین کوبھی طرح طرح کے مسائل اور مشکلات کا سامنا تھا اور ان کی ہمیشہ کوشش رہی کے وہ میسر وسائل کے اندر رہتے ہوئے اور آئین اور قانون جس کی اجازت دیتا تھا اس کے مطابق ان ملازمین کے تمام مسائل حل کئے جائیں کیونکہ ان کا اس بات پر پختہ یقین ہے کہ اگر ملازمیں اسودہ حال اور مسائل سے آزاد ہوں گے تب ہی وہ اپنے فرائض بہتر انداز سے ادا کر سکیں گے۔ جنرل منیجر تربیلہ اقبال مسعود صدیقی نے کہا ہے تربیلہ ڈیم کے ملازمین کے مسائل کا حل اور دیگر مراعات کی فراہمی ایک گھر کا سربراہ ہونے کی حیثیت سے فراہم کرنا ان کی ذمہ داری تھی جو انھوں نے اپنے طور پر پورا کرنے کی بھر پور کوشش کی۔ جنرل منیجر تربیلہ اقبال مسعود صدیقی نے مزید کہا کہ انھوں نے میرٹ کی پالیسی اپنائی اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے فرائض منصبی ادا کئے اور محکمہ میں بھرتیوں کے دوران بھی کسی قسم کے سیاسی یا دیگر دباؤ کو قبول نہیں کیا۔ اس موقع پر جنرل منیجر تربیلہ اقبال مسعود صدیقی نے یہ بھی کہا کہ خوش قسمتی سے انھیں کام کرنے کے لئے بھی ایک قابل اور محنتی ٹیم میسر رہی اور تربیلہ کے تمام افسران اور ملازمین نے ان کے ساتھ بھر پور تعاون کیا جس کی وجہ سے انھیں کام کرنے میں آسانی رہی۔ جنرل منیجر تربیلہ اقبال مسعود صدیقی کے لئے منعقد کی جانے والی اس تقریب میں ایس سی سروسز تر بیلہ سید کمال شاہ، چیف انجینئر اسرار خان مہمند ، چیف انجینئر، سہیل خان طاہر خیلی، ایگزیکٹو انجینئر محمد عارف اور ایگزیکٹو انجینئر صمد اسرار سمیت واپڈا ملازمین اور افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی جنھوں نے اپنے اپنے خطابات میں جنرل منیجر تربیلہ اقبال مسعود صدیقی کے تربیلہ ڈیم پراجیکٹ ، تربیلہ چوتھے توسیعی منصوبے اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے کیے گئے کاموں اور کردار کی تعریف کی اس موقع پر جنرل منیجر تربیلہ اقبال مسعود صدیقی کو واپڈا ملازمین کی جانب سے ایک تعریفی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر