گورنمنٹ گرلز پرائمری سجکول امیر آباد کیلئے ہنگامی بنیادوں پر عمارت کا بندوبست کرنے کی ہدایت

گورنمنٹ گرلز پرائمری سجکول امیر آباد کیلئے ہنگامی بنیادوں پر عمارت کا ...

چارسدہ (بیورورپورٹ)گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول امیر آباد رجڑضلع چارسدہ کے بارے میں ایک اخباری خبر کا نوٹس لیتے خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے ڈی سی چارسدہ کو ہدایت کرتے ہوئے مسئلے کے فوری تحقیقات او ر مذکورہ سکول کے بچیوں کے لئے ہنگامی بنیادوں پر عمارت کا بندوبست کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سینئر وزیر نے ڈی سی چارسدہ کو تاکید کی کہ مذکورہ سکول کے لئے موزوں عمارت کرایہ پر حاصل کرکے بچیوں کو پرسکون ماحول فراہم کرے جہاں وہ اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھ سکیں ۔ سینئر وزیر نے ڈی سی کو یہ بھی ہدایت کی کہ مذکورہ سکول کے لئے سرکاری عمارت فراہم کرنے کے لئے ضروری کارروائی مکمل کرکے رپورٹ صوبائی حکومت کو بھجوا ئے تاکہ مذکورہ تاریخی سکول کے لئے مستقل سرکاری عمارت تیار کی جا سکے ۔ واضح رہے کہ گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول امیر آباد 1972ء میں قائم ہوا تھا او رآج تک کوئی سرکاری عمارت نہ ہونے کی وجہ سے کرائے کے عمارت میں قائم تھا اور حال ہی محکمہ تعلیم ضلع چارسدہ کی انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے عمارت کی مالک نے اسے تالے لگاکر بند کیا تھا جس کے بارے تفصیلی رپورٹ ہفتے کے روز قومی پریس میں چھاپی گئی جس کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر نے فوری ایکشن لیا ۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ قوم کی بچیوں کی تعلیم کے لئے کسی بھی قابل توجہ اقدام سے گریز نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے صحافی برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امر کو سراہا اور کہا کہ قومی مسائل کو اجاگر کرکے ہی قوم اور ملک کی بہتر خدمت کی جا سکتی ہے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر