خوشحال خان خٹک ایکسپریس کی بوگیوں میں آتش زدگی، 2افراد زخمی

خوشحال خان خٹک ایکسپریس کی بوگیوں میں آتش زدگی، 2افراد زخمی

جامشورو(خصوصی نامہ نگار)کراچی سے پشاور جانے والی خوشحال خان خٹک ایکسپریس کی چار بوگیوں میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں 2افراد زخمی ہوگئے۔ریلوے ٹریک کچھ دیر معطل رہنے کے بعد بحال کر دیا گیا ، متاثرہ ٹرین مسافروں کو لے کر منزل مقصود کی جانب روانہ ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق خوشحال خان خٹک ایکسپریس کراچی سے پشاور جارہی تھی کہ سیہون کے علاقے لعل باغ کے قریب پہنچی تواس کی ایک بوگی میں آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث 2افراد زخمی ہوگئے۔متاثرہ ٹرین ڈرائیور نے ٹرین کو روک کر متاثرہ بوگی کے تمام مسافروں کواتار لیاتاہم آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے مزید تین اور بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔پولیس، رینجرز اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور بوگیوں کو ٹرین سے علیحدہ کرنے کے کام کا آغاز کیا اور ساتھ ہی سیہون سے فائربریگیڈ کے عملے کو بھی طلب کرلیاگیا۔ریلوے حکام کے مطابق خوشحال خان خٹک کی بوگی میں آتشزدگی شاٹ سرکٹ کے باعث ہوئی تاہم اس میں کسی بھی قسم کے جانی نقصان نہیں ہواہے۔ذرائع کے مطابق خوشحال خان خٹک ایکسپریس کی جن بوگیوں میں آگ لگی ان میں پیپلز پارٹی کے کارکنان سوار تھے جو ذوالفقارعلی بھٹوکی برسی میں شرکت کرنے لاڑکانہ جارہے تھے۔مسافروں کے مطابق فائر بریگیڈ کی گاڑیاں دیر سے پہنچی اور آگ مزید پھیل گئی اور مجموعی طور پر 4 بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ریلوے حکام کے مطابق متاثرہ بوگیوں کوالگ کر کے ٹرین کو اس کی منزل کی جانب روانہ کردیا گیا۔ آگ لگنے کے بعد ٹریک پر کچھ دیر کے لئے ٹرینوں کی آمدورفت معطل رہی تاہم جلد ہی ریلوے ٹریک بحال کر دیا گیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر