پارا چنار دھماکہ: کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج ختم،شہداء سپرد خاک
پارا چنار(آن لائن)کرم ایجنسی میں ہونیوالے دھماکے کے بعد پاراچنار میں جاری شہریوں کا دھرنا کامیاب مذاکرات کے بعد ختم ہوگیا جبکہ سانحہ میں جاں بحق افراد کو اپنے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کردیا گیا ،نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔تفصیلا ت کے مطابق پاراچنار میں امام بارگاہ کے باہر ہونیوالے دھماکے کیخلاف شہریوں نے شہداء کی لاشیں اٹھاکر شہید پارک میں دھرنا دیا اور واقعے میں ملوث افراد کیخلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا،جس کے بعد قبائلی عمائدین اور پولیٹیکل انتظامیہ کے درمیان دو گھنٹے تک جاری رہنے والے کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کردیا گیا ، مذاکرات میں قبائلی عمائدین ، علماء کرام اور فورسز کے افسران شامل تھے ۔مذاکرات کے بعد علامہ فدا مظاہری اور علامہ الطاف حسین نے دھرنے کے شرکا سے خطاب میں کہا انتظامیہ نے انکا مطالبہ مان لیا ہے ، جس کے بعد چیک پوسٹوں پر کرم ملیشیا کے مقامی نوجوانوں کو تعینات کیا جائے گا اور فائرنگ میں ملوث ایف سی اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے گی،اس اعلان کے بعد احتجاجی مظاہرین دھرنا ختم کرکے شہداء کے جنازے اٹھا کر مرکزی امام بارگاہ لائے ، جہاں انکی نماز جنازہ ادا کی گئی اور بعدازاں شہدا کوانکے آبائی علاقوں میں سپر د خاک کر دیا گیا ۔ دھماکے میں 24 افراد جاں بحق اور 90سے زائد زخمی ہوئے تھے ۔
شہداء سپرد خاک