مودی کے دورہ کیخلاف مقبوضہ کشمیر میں آج مکمل ہڑتال کی جائیگی

مودی کے دورہ کیخلاف مقبوضہ کشمیر میں آج مکمل ہڑتال کی جائیگی

سرینگر (این این آئی ) متحدہ حریت قیادت کی کال پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کیخلاف آج مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائیگی۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی وزیر اعظم جموں خطے میں چنانی نشہری سرنگ کے افتتاح کیلئے مقبوضہ کشمیر کا دورہ کر رہے ہیں۔ سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل متحدہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ نریندر مودی ایک ایسے وقت میں مقبوضہ علاقے کا دورہ کر رہے ہیں جب قابض بھارتی فورسز نہتے کشمیریوں کو گولیوں سے چھلنی کررہی ہیں، ہزاروں کشمیریوں کو تھانوں، جیلوں اور تفتیشی مراز میں بند کر دیا گیا ہے جبکہ حریت رہنماؤں کی پر امن سیاسی سرگرمیوں پر قطعی طور پر پابند ی عائد ہے۔ کشمیر اقتصادی یا امن واماں کا نہیں بلکہ یہ ایک انسانی مسئلہ ہے اور کشمیری عوام اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کیلئے گزشتہ 70برس سے جدوجہد کررہے ہیں ۔ بھارت کو،جو دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک کہلاتا ہے ،کشمیریوں کی خواہشات اور امنگوں کا کوئی احترام نہیں ، بلکہ وہ ان کی پُرامن آواز کو فوجی طاقت کے بل پر دبانے کی کوشش کر رہا ہے اور اس نے آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ اور دیگر کالے قوانین کے ذریعے اپنی فورسز کو نہتے کشمیریوں کے قتل کا لائسنس دے رکھا ہے۔

مزید : کراچی صفحہ اول