بھارت میں ناقص اور غیر معیاری کھانا کھا کر 400فوجی ہسپتال پہنچ گئے
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارت میں 400فوجی جوان غیر معیاری اور ناقص کھانا کھا کر ہسپتال پہنچ گئے جہاں 109جوانوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق کیرالہ میں واقع پالی پورام کیمپ میں فوجی جوانوں نے کھانے میں مچھلی کا سالن کھا یا جو کہ غیر معیاری تھا ،ناقص کھانا کھا کر جوانوں کی حالت بگڑنا شروع ہو گئی جس پر وقفے وقفے سے انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ۔دیکھتے ہی دیکھتے سینکڑوں جوانوں کی حالت بگڑ گئی جس پر انہیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بھارتی جوانوں کو غیر معیاری کھانا کھانے سے ڈائیریا کی شکایت ہوئی اور انہیں قے بھی آرہی تھی ۔ابتدائی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ جوانوں نے مچھلی کا سالن کھا یا تھا جس کے باعث ان کی حالت بگڑی ۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل بھارتی فوج کے جوان تیج بہادر نے سوشل میڈ یا پر ویڈ یو پیغام جاری کیا تھا جس میں اس نے افسران کے ناروا سلوک اور غیر معیاری کھانے کی شکایت کی تھی ،اس کے بعد بھارتی فوج نے تیج بہادر کو تشدد کا نشانہ بھی بنا یا لیکن پھرایک کے بعد ایک کئی بھارتی فوجیوں نے سوشل میڈ یا پر اپنے پیغامات بھیجے اور پوری دنیا کے سامنے اپنی فوج کا بھانڈا پھوڑا ۔