ہمارے ملک کا مستقبل نوجوانوں کی فنی ہنرمندی سے وابستہ ہے ، فاٹا کے ذہین نوجوانوں کو ہم ہنرمند بناکر ملک کا مفید اور باعزت شہری بنائیں گے:اقبال ظفر جھگڑا

ہمارے ملک کا مستقبل نوجوانوں کی فنی ہنرمندی سے وابستہ ہے ، فاٹا کے ذہین ...
ہمارے ملک کا مستقبل نوجوانوں کی فنی ہنرمندی سے وابستہ ہے ، فاٹا کے ذہین نوجوانوں کو ہم ہنرمند بناکر ملک کا مفید اور باعزت شہری بنائیں گے:اقبال ظفر جھگڑا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(پ ر)گورنر خیبرپختونخواہ انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ ہمارے ملک کا مستقبل نوجوانوں کی فنی ہنرمندی سے وابستہ ہے ، فاٹا کے ذہین نوجوانوں کو ہم ہنرمند بناکر ملک کا مفید اور باعزت شہری بنائیں گے ۔ وہ آج گورنر ہاﺅس پشاور میں پرائم منسٹر یوتھ اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں میں ٹول کٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں پشاور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی محمد افضل ، سی سی پی او طاہر خان کے علاوہ صنعتکاران اور اداروں کے سربراہان نے شرکت کی ۔ گورنر نے فنی ہنر مندی کے مقابلوں کو نہایت مفید قرار دیا۔ 

گورنر کے پی کےنے کہا کہ نیوٹیک اپنے فرائض بطریق احسن انجام دے رہا ہے ۔ انہوں نے صنعتکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ فنی تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرنے میں فراخدلی سے کام لیں اور اپنی ذمہ داری نبھائیں۔ چیف سیکریٹری عابد سعید نے کہا کہ فنی ہنر مندی سے ہی ہم غربت اور بیروزگاری پر قابو پاسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نیوٹیک کے سربراہ ذوالفقار چیمہ جہاں بھی رہے انہوں نے خاص جذبے اور ولولے کے ساتھ کام کیا اور اداروں کو بہت بہتر بنایا، اس ادارے کو بھی متحرک کرنے میں انکی کارکردگی قابل تحسین ہے۔
اس سے پہلے نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا کہ اب بہترین اداروں کا انتخاب کیا جاتا ہے ، نصاب کو انڈسٹری کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا گیا ہے ۔ تربیت اور امتحان کا جدید طریقہ اپنایا گیا ہے اور انڈسٹریل سیکٹر کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کیلئے سیکٹر اسکل کونسلز بنائی جارہی ہیں ۔
گورنر خیبر پختونخواہ نے ساٹھ نوجوان لڑکوں اورلڑکیوں میں ٹول کٹس تقسیم کیں۔ اس سے پہلے چند لڑکوں اور لڑکیوں نے اسٹیج پر آکر بتایا کہ فنی تربیت حاصل کرنے کے بعد ہم نے اپنا بزنس شروع کرلیا ہے اور اپنے خاندان کی کفالت کے قابل ہوگئے ہیں۔

مزید :

پشاور -