رواں مالی سال : پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 9.45فیصد اضافہ
کراچی(اکنامک رپورٹر) رواں مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ کے دوران ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 9.45 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔ادارہ شماریات پاکستان کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی 2017 ء سے جنوری 2018 ء کے دوران ملک میں پٹر ولیم مصنوعات کی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیاگیاجو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 9.45 فیصد زیادہ ہے۔اعدادوشمارکے مطابق اس عرصے میں موٹرسپرٹ کی پیداوارمیں 11.89فیصد ، ڈیزل آئل 28.64فیصد، ہائی سپیڈ ڈیزل 9.93 فیصد اور فرنس آئل کی پیداوارمیں 5.85 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔اسی طرح جیوٹ بیچنگ آئل کی پیداوارمیں 30.52فیصد، سالوینٹ نپھاتا کی پیداوارمیں 14.33فیصد اورایل پی جی کی پیداوارمیں 36.05فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔اعدادوشمارکے مطابق منفی بڑھوتری کے حامل مصنوعات میں جیٹ فیول، مٹی کاتیل اورلبریکیٹنگ آئل شامل ہیں۔مٹی کے تیل کی پیداوارمیں 17.25فیصد، جیٹ فیول 1.18فیصد اورلبریکنٹ آئل کی پیداوارمیں 17.79فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔