صوبہ میں کھیلوں کے تمام منصوبے مکمل ہوچکے ہیں ، عامر جان

صوبہ میں کھیلوں کے تمام منصوبے مکمل ہوچکے ہیں ، عامر جان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ پاکستان)سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں سپورٹس کے درجنوں میگا منصوبے مکمل ہوچکے ہیں اور چند تکمیل کے آخری مراحل ہیں، ان منصوبوں کی تکمیل سے عوام سپورٹس کی جانب راغب ہوں گے اور گراؤنڈز آباد ہوں گے، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے ویژن کے مطابق نوجوانوں کو سپورٹس کی جدید سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں،گزشتہ روز ایک بیان میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب کے سرپرستی میں سپورٹس کے جتنے منصوبے مکمل کئے ہیں ان کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، صوبہ بھر میں درجنوں جمنیزیم، ای لائبریریز، سپورٹس گراؤنڈز، ہاکی و کرکٹ سٹیڈیم سمیت کئی منصوبے مکمل کرلئے ہیں اور چند تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں اور ان پر کام تیزی سے جاری ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سپورٹس کو اولین ترجیحات میں رکھا اور اس کے فروغ کے لئے خطیر رقم بھی مختص کی۔
جتنا کام گزشتہ چند برسوں میں سپورٹس کی ترقی کیلئے کیا گیا ہے ایسا ماضی میں کبھی نہیں ہوا، اب نوجوانوں کو سپورٹس کی جدید سہولتیں گھر کی دہلیز پر حاصل ہیں، وزیراعلیٰ کے ویژن کہ’’ کوئی اتھلیٹ پیچھے نہیں رہے گا‘‘کے مطابق ہر کھیل کے فروغ کیلئے کام کررہے ہیں، سپورٹس کا فروغ ہمارا مشن ہے جس کیلئے دن رات کام کیا جارہا ہے۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے مزید کہا کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد سے عوام کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی، پی ایس ایل کے بعد دنیا نے تسلیم کرلیا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور سپورٹس کے لئے محفوظ ملک ہے، دنیا کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ پاکستان آکر کھیلیں، ان کو بہترین سکیورٹی اور عزت دیں گے۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیزکے درمیان ٹی 20سیریز سے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔