ملک کو اس وقت معاشی ترقی کے لانگ مارچ کی ضرورت ہے، حنا پرویز
لاہور( جنرل رپورٹر) مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت معاشی ترقی کے لانگ مارچ کی سخت ضرورت ہے۔یہ سفر سیاسی دھرنوں سے استحکام نہیں آئے گا ۔جس ملک میں بیس ،بائیس گھنٹے بجلی نہیں آتی تھی اب بجلی آتی ہے ۔ملک کی شرح نمو 6فیصد ہو چکی ہے کیا یہ تبدیلی نہیں ہے۔ یہاں بدقسمتی سے حکومتوں کے مینڈیٹ کو عزت نہیں جاتی ۔جمہوری حکومتوں کو وقت پورا نہیں کرنے دیا جاتا۔افغانستا ن میں حامد کرزئی نے اپنی مدت پوری کی اب اشرف غنی بھی مدت پوری کر رہے ہیں،لگتا ہے اگلے دس پندرہ سال میں افغانستان بھی ہم سے آگے نکل جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز مقامی ہوٹل مٰں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ آج لاہور میں میں بینرز لگے دیکھے کے عمران آرہا ہے ،2018 کے بعد آپ بینرز دیکھیں گے عمران جا رہاہے ۔پرویز مشرف سکیورٹی کا بہانہ نہ کریں۔پاکستان آکر عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کریں۔ مشرف کو پاکستان میں مکمل سکیورٹی دی جائے گی وہ عدالت کا سامنا کرنے کا حوصلہ پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج نیب کی طرف سے اٹھائے جانے والے معاملات پر سوچین کہ ساڑھے چار سال پہلے کارروائی کیوں نہیں کی گئی ،نیب صرف ایک سیاسی جماعت کو ٹارگٹ کر رہا ہے تو اس کے حربے سمجھ آرہے ہیں۔