کشمیریوں پر بھارتی دہشتگردی کیخلاف آج ملک گیر یوم احتجاج منایا جائیگا : حافظ سعید

کشمیریوں پر بھارتی دہشتگردی کیخلاف آج ملک گیر یوم احتجاج منایا جائیگا : حافظ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ پاکستان)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے 13کشمیریوں کو شہید کئے جانے کے خلاف امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید کی اپیل پر آج ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت چاروں صوبوں و آزاد کشمیر میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے ریلیاں نکالی جائیں گی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ بھارت سرکار کشمیریوں کی مضبوط جدوجہد آزادی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر نہتے کشمیریوں کا خون بہا رہی ہے۔ نام نہا د سرچ آپریشن کے نام پر معصوم اور بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام کیا جارہا ہے۔ فرضی جھڑپوں اور شہادتوں پر انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور ملکوں کی خاموشی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری نوجوان پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے اپنے سینوں پر گولیاں کھا رہے ہیں اور شہادتیں پیش کر رہے ہیں۔ اتوا ر کو بھی جب نہتے کشمیریوں پر اندھا دھند گولیاں برسائی گئیں تو وادی کشمیر میں ہر جگہ پاکستان کے ترانے گونج رہے تھے اور ہزاروں کشمیری پاکستان سے رشتہ کیا، لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ کے نعرے لگارہے تھے۔ کشمیری مسلمان پاکستان کو اپنا سب سے بڑا وکیل سمجھتے ہیں اور بھارت سرکار کے غاصبانہ قبضہ سے آزادی کیلئے اس کی جانب امید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں۔ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ مصلحت پسندی چھوڑ کر مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا کھل کر ساتھ دے‘ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کوبین الاقوامی سطح پر بے نقاب کیا جائے اور پوری دنیا میں اپنے سفارت خانوں کو متحرک کر کے تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کیا جائے۔ گزشتہ پندرہ دنوں میں بھارتی فوج کی طرف سے درجنوں کشمیریوں کو شہید کیا جاچکا ہے۔ ہر آنے والے دن نہتے کشمیریوں کی قتل و غارت گری کا سلسلہ بڑھتا جارہا ہے۔ بھارتی فورسز اہلکار کشمیریوں کو شہید کرنے کیلئے کیمیائی ہتھیار استعمال کر رہے ہیں جس سے ان کی لاشوں کی شناخت ممکن نہیں رہتی۔ ان حالات میں پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور مشکل وقت میں انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔ مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم اور دہشت گردی کیخلاف آج پورے ملک میں یوم احتجاج منایا جائے گا اور زبردست احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے جن میں سیاسی، مذہبی و کشمیری جماعتوں کے قائدین کو بھی شریک کیا جائے گا۔
حافظ سعید

مزید :

صفحہ آخر -