نیب فیصلے کا وقت قریب آتے ہی حکمرانوں کی بوکھلاہٹ بڑھ رہی ہے : عمران خان

نیب فیصلے کا وقت قریب آتے ہی حکمرانوں کی بوکھلاہٹ بڑھ رہی ہے : عمران خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( نمائندہ پاکستان)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابات میں جیت کر ملک کی لوٹی ہوئی دولت واپس لا کر عوام پر خرچ کریں گے، دونوں شریف اللہ کی پکڑ میں آگئے ہیں ،عام انتخابات میں عدلیہ کا کردار اہم ہوگا،وزیراعظم کی چیف جسٹس سے ملاقات کا نواز شریف کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا،متحدہ مجلس عمل کے قیام سے ہمارے ووٹ بینک کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، سندھ میں اینٹی پیپلز پارٹی اتحاد بنا رہے ہیں ،عام انتخابات میں اکثریت سے کامیاب ہوں گے اورحکومت بنانے کیلئے کسی اتحاد کی ضرورت نہیں پڑے گی ،نئے پاکستان میں سب انسانوں کے حقوق کی حفاظت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں صحافیوں سے ملاقات میں غیر رسمی گفتگو ، ممبر سازی کیمپوں کے دورہ کے موقع پر خطاب اور اپنے ٹوئٹر بیان میں کیا ۔عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کا ووٹ بینک 2013ء کے مقابلے میں دو گنا ہوا ہے اور سیاسی مخالفین کو آئندہ عام انتخابات میں یہ نظر آ جائے گا۔ عمران خان نے یوحنا آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں ایسٹر کے موقع پر اپنے مسیحی بھائیوں کی خوشی میں شامل ہوا ہوں ۔میں صرف قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کو اپنا لیڈر مانتا ہوں اور انہوں نے آزادی کی جوجدوجہد کی تھی اس کا بڑا مقصد یہ تھاکہ ہندوستان میں اقلیتوں کو حقوق نہیں ملیں گے اور پاکستان بننا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں سیاسی مافیا ہے جو پولیس کو استعمال کرتا ہے ، تیس سالوں سے پولیس کو انتقامی کارروائیوں کے لئے استعمال کیا گیا ، میرے اوپر دہشتگردی کے چار کیسز بنا ئے گئے ہیں ،یہاں بڑا گاڈ فادر اور چھوٹا ڈان ہے ۔ پنجاب میں 650ارب روپے ترقیاتی بجٹ کے نام پر خرچ کرتے ہیں لیکن بتاؤ یہاں کتنے ہسپتال بنائے ہیں ، کسی کو پینے کا صاف پانی میسر ہے نہ انصاف اور نہ روزگار ملتا ہے لیکن آپ صرف اپنے لئے میٹرو بسیں اور بڑ ے بڑے پراجیکٹس بناتے ہوئے ۔ تمہارا حساب لینے لگے ہیں ۔ یہاں کمپنیاں بنائی گئی ہیں اور احد چیمہ جیسے لوگ تمہار ے فرنٹ مین ہیں ۔ تمہارا وقت آ گیا ہے ، عام انتخابات میں جیت کر لوٹی ہوئی دولت بیرون ممالک سے واپس لا کر عوام پر خرچ کریں گے ، سکولوں اور ہسپتالوں پر خرچ کریں گے ، ہم بیروزگاری کی روزگار ملنے تک ذمہ داری لیں گے اور ان کی مالی معاونت کی جائے گی ،ہم پاکستان کو فلاحی ریاست بنا کر دکھائیں گے ۔ اس موقع پر عمران خان نے مسیحی رہنماؤں کے ہمراہ ایسٹر کا کیک بھی کاٹا ۔ علاوہ ازیں عمران خان نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ نیب فیصلے کا وقت قریب آتے ہی حکمرانوں کی بوکھلاہٹ بڑھ رہی ہے ۔عمران خان نے کہاکہ خبردار ہوشیار اقتدار کے آخری 4 ماہ میں گلیاں اور نالیاں پکی کرکے آئندہ 5 سال پکے کرنے کا موسم آگیا ہے، شریفوں کا ترقیاتی کاموں کا انداز بھی یہی ہے۔ عمران خان نے ایک تحریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ تحریر واضح کرتی ہے کہ پنجاب کے ہر محکمے میں پھیلی بدعنوانی کی قیمت زیادہ نرخوں کی صورت میں عوام سے کیسے وصول کی جاتی ہے ۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں کارٹون بھی ٹویٹ کیا۔بعدازاں تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے عمران خان سے ملاقات کی جس میں مختلف سیاسی امور پر بات چیت کی گئی۔ عمران خان نے کہاکہ جیسے جیسے نیب کے فیصلے کا وقت آرہا ہے حکمرانوں کی بوکھلاہٹ بڑھتی جارہی ہے اور فیصلے سے قبل حکمرانوں نے اداروں کے خلاف محاذ آرائی تیز کردی ہے ، عوام اداروں کے خلاف حکمرانوں کی جنگ برداشت نہیں کریں گے ۔
عمران خان

مزید :

صفحہ اول -