آئندہ سال سکیورٹی کے بغیر سوات آؤں گی،ملالہ یوسفزئی کااعلان
مینگورہ (مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں) امن کا نوبیل انعام حاصل کرنیوالی دنیا کی کم عمر ترین شخصیت ملالہ یوسفزئی نے کہاہے کہ اگلے سال پھر سوات میں سکیورٹی کے بغیر آؤں گی۔تفصیلات کے مطابق امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے والی دنیا کی کم عمر ترین شخصیت ملالہ یوسفزئی کا ساڑھے پانچ برس بعد اپنے آبائی علاقے سوات پہنچنا ان کے پڑوسیوں اور سہیلیوں کیلئے ایک خوشگوار حیرت سے کم نہ تھا۔ملالہ یوسفزئی وزیرِ مملکت مریم اورنگزیب سمیت ایک وفد کے ہمراہ خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے سے مینگورہ پہنچیں جبکہ اس دورے میں ان کے والد ضیاء الدین یوسفزئی، ان کی والدہ تورپکئی اور ان کے دو بھائی بھی ان کے ساتھ تھے۔ اس کے علاوہ ملالہ فنڈ کے کچھ اہلکار بھی وفد میں شامل تھے۔مینگورہ پہنچنے پر سب سے پہلے ملالہ اپنے گھر گئیں جہاں ان کے بچپن کا زیادہ تر وقت گزرا تھا۔اس مکان کے موجودہ رہائشی فرید الحق حقانی نے بی بی سی کو بتایا ملالہ اور ان کے والدین اور بھائی تقریباً ایک گھنٹہ وہاں موجود رہے اور اس دوران وہاں رقت آمیز اور جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔گھر پہنچنے پر ضیاء الدین یوسفزئی نے وہاں لان میں سجدہ کیا اور گھر کی مٹی اٹھا کر اپنی آنکھوں سے لگائی اور اسے بوسہ بھی دیا۔ اس دوران پورا خاندان اپنے پرانے گھر کو دیکھ کر اشک بار ہو گیا اور دو تین منٹ تک وہاں خاموشی چھائی رہی۔ ملالہ اور ان کی والدہ فرداً فرداً تمام پڑوسیوں کا حال احوال دریافت کرتے رہے۔ انھوں نے کہا ملالہ نے مجھے یہ بھی بتایا انکل میں اگلے سال پھر سوات آؤں گی لیکن بغیر سکیورٹی کے۔
ملالہ