لوڈشیڈنگ پرسوئی سدرن نے کے الیکٹرک کے الزامات مسترد کردیئے
اسلام آباد (این این آئی)سوئی سدرن گیس کمپنی نے کراچی میں لوشیڈنگ سے متعلق کے الیکٹرک کے الزامات کو مسترد کردیا۔ترجمان ایس ایس جی سی شہباز اسلام نے اپنے بیان میں کہا کہ کے الیکٹرک اپنی خامیاں اور کمزوریاں چھپانے کیلئے ایس ایس جی سی پر الزام نہ لگائے، اوگرا کے قانون کے تحت گیس سپلائی ایگریمنٹ کے بغیر کسی صارف کو گیس فراہم نہیں کرسکتے۔ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق کے الیکٹرک کو اوگرا کے قوانین کے مطابق کئی مرتبہ جی سی اے کرنے کو کہا مگر ان کی طرف سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، اوگرا کے قوانین کے مطابق گیس سپلائی ایگریمنٹ کرنے کیلئے گیس ڈپازٹ جمع کرانا لازمی ہے، ایس ایس جی سی کو لوڈشیڈنگ کا ذمہ دار قرار دینا گمراہ کن ہے، ایس ایس جی سی کے الیکٹرک کو ایک مرتبہ پھر ایگریمنٹ کرنے کی دعوت دیتی ہے۔گزشتہ روز ایس ایس جی سی کے ترجمان شہباز اسلام نے کہا تھا کہ کے الیکٹرک ایس ایس جی سی کی 80 ارب روپے کی نادہندہ ہے، ایس ایس جی سی نے کے الیکٹرک کی سپلائی بند نہیں کی، انہیں جتنی گیس دی جارہی تھی اتنی ہی دی جارہی ہے۔
لو ڈ شیڈنگ