خیبر پختونخوا پولیس کے 50اہلکار نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے
پشاور(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) خیبر پختونخوا میں ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایویلیوشن ایجنسی (ایٹا) کے زیر اہتمام پولیس کے محکمانہ ا متحان میں 50 اہلکار نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے۔تفصیلات کے مطابق ترجمان سی سی پی او خیبرپختونخوا کے مطابق پولیس پروموشن ٹیسٹ میں 2 ہزار 900 امیدواروں نے حصہ لیا جن میں سے نقل کرنیوالے 50 اہلکاروں کو امتحانی سینٹرز میں ایٹا کے عملے نے پکڑا۔ ترجمان کے مطابق نقل کرنے والے اہلکاروں کے پرچے منسوخ کردیئے گئے ہیں اور ان کیخلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔واضح رہے اس سے قبل بھی خیبرپختونخوا میں 2 ماہ قبل ہونیوالے پولیس کے محکمانہ امتحان میں 509 اہلکار نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔