پاکستان کے محافظ افواج اور علماء حق ہیں ‘ مولانا طیب طاہری
صوابی ( محمدشعیب سے)امیر جماعت اشاعت التوحید والسنت کے مرکزی امیر مولانا محمد طیب طاہری نے کہا ہے کہ پاکستان کے محافظ افواج اور علماء حق ہیں مگر ایک بین الاقوامی سازش کے تحت پرویز مشرف نے علماء حق کے خلاف ایک مہرہ بن کر پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ،اس کھیل میں اسلام کے نام پر مفادات اور سیاست کرنے والے بھی شامل ہوگئے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے دار القرآن پنج پیر میں ختم بخاری شریف کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے دراصل مذہب مٹاؤ عمل ہے ، ایک جماعت پانچ سال تک عمران خان کے ساتھ اور دوسری جماعت نوازشریف کے ساتھ اقتدار کے مزے لوٹتی رہی ،اب ایم ایم اے بحال کرکے دونوں ایک دوسرے کے پرانے حلیفوں پر برسیں گے ،اس بار جب یہ لوگ مانگنے آئیں تو ان سے پوچھیں کہ ماضی میں ہم نے اسلام کے نام پر آپ کو صوبے کی مکمل حکومت سونپی تھی حساب کرکے بتائیں کہ آپ نے ہمارے جیبوں سے کتنا نکال کر اپنے اوپر خرچ کیا اور اس کے بدلے کتنا اسلام نافذ کیا ،انہوں نے کہا کہ اسلام وی آئی پی بننے اور لوٹ مار میں شامل ہونے سے نہیں آتا اس کیلئے قرآنو حدیث کے درس آباد کرنے ہونگے ،زبانوں پر گالم گلوچ اور سیاسی غلاظت کی بجائے قرآن اور حدیچ کا ورد ہونا چاہیے ،انہوں نے کہا کہ افغانستان بھی ہمار بھائی ہے ،اشاعت التوحید والسنت وہاں کی بھی بڑی جماعت ہے ،ہمارے کارکنوں کو دونوں ملکوں کو قریب لانے اور امن قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرنا چاہیے ۔