کوہاٹ ،مختلف علاقوں سے افغان باشندوں سمیت 45مشتبہ افراد گرفتار،اسلحہ و منشیات برآمد

کوہاٹ ،مختلف علاقوں سے افغان باشندوں سمیت 45مشتبہ افراد گرفتار،اسلحہ و ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (سٹاف رپورٹر)کوہاٹ لاچی کے مختلف علاقوں سے افغان باشندوں سمیت 45مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔کاروائی میں دو منشیات فروشوں کو لاکھوں مالیت کی منشیات سمیت حراست میں لیا گیا ہے۔سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن میں زیر حراست افراد کے قبضے سے بڑی تعداد میں خود کار اسلحہ و منشیات اور مشکوک موٹر سائیکلیں برآمد کرلئے گئے ہیں۔ ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کی طرف سے قومی ایکشن پلان میں شامل تمام نکات پر من وعن عملدرآمد یقینی بنانے کے سلسلے میں جاری کردہ خصوصی احکامات پر فی الفور اقدامات کرتے ہوئے ضلع بھر میں نان رجسٹرڈ افغان باشندوں،مطلوب اشتہاریوں اور مختلف جرائم میں ملوث افراد کے تعاقب میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کامیابی سے جاری ہے ۔آپریشن کے اس تسلسل میں پولیس کی بھاری نفری نے ڈی ایس پی لاچی روخان زیب اور ایس ایچ او لاچی طاہر نواز کی قیادت میں لاچی کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ مقامات پر بھر پور آپریشن کا انعقاد کیا ۔سرچ آپریشن کی کاروائی میں پولیس نے لاچی پایاں سے دو منشیات فروشوں طارق اور عبدالرحمان کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے مجموعی طور پر دو کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن برآمد کرلی۔علاوہ ازیں پولیس نے لاچی بالا،لاچی پایاں،غورزندی،مندوری اور سماری سے چار افغان باشندوں سمیت 45مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے مجموعی طور پر دو کلاشنکوف،دو ریپیٹر،تین بندوق،ایک رائفل،چھ پستول،مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس ، تین کلو گرام چرس اور سات مشکوک موٹر سائیکلیں برآمد کرکے تحویل میں لے لئے۔پولیس نے گرفتار تمام افراد کو چھان بین کیلئے تھانہ لاچی منتقل کردیا جہاں شناختی و سفری دستاویزات کے بغیر علاقے میں رہائش پزیر چاروں افغان باشندوں اور اسلحہ ومنشیات رکھنے کے جرم میں بعض افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے۔پولیس نے کاروائی کے دوران حراست میں لئے گئے مشتبہ افراد اور پکڑی گئی مشکوک موٹر سائیکلوں کے متعلق قانون کے مطابق مزید چھان بین شروع کردی ہیں۔