کرم ایجنسی میں قبائلی عمائدین کا ہنگامی جرگہ
پاراچنار(نمائندہ پاکستان)کرم ایجنسی میں قبائلی عمائدین کا ایک ہنگامی جرگہ منعقد ہوا جس میں پولیٹیکل انتظامیہ اور فورسز سے منظور پشتون کو کرم ایجنسی میں داخلے کی اجازت نہ دینے کا مطالبہ کیا گیا پاراچنار میں منعقدہ قبائلی عمائدین کے ہنگامی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے قبائلی رہنما اور صدر پی پی پی حاجی جمیل حسین، ملک قاضی افتخار، حاجی سید سجاد، گلفام حسین اور دیگر قبائلی عمائدین نے کہا کہ کرم ایجنسی میں فورسز ، پولیٹیکل حکام اور قبائلی عمائدین کی کوششوں سے بڑی مشکل سے امن قائم ہوا ہے بدامنی کے دوران کسی نے کرم ایجنسی کے عوام کا ساتھ نہیں دیا اور آج کرم ایجنسی کے پر امن ماحول کو خراب کرنے کے لئے مختلف عناصر سرگرم عمل ہیں جن میں منظور پشتون سر فہرست ہے مگر کرم ایجنسی کے قبائلی عمائدین اور نوجوان محب وطن اور اس مٹی سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اس لئے منظور پشتون جیسے عناصر کی کرم ایجنسی میں داخلے کو کسی صورت برداشت نہیں کرینگے قبائلی عمائدین نے پولیٹیکل انتظامیہ اور فورسز کو منظور پشتون کو کرم ایجنسی میں داخلے سے روکنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اگر پولیٹیکل انتظامیہ نے ان کے مطالبے پر غور نہیں کیا تو حالات کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی