انتقامی فیصلوں کے احترام کی توقع نہ رکھی جائے : مریم ، خیبر پختونخوا میں بھی حکومت بنائینگے : نواز شریف ، ہم اکثریت سے جیتیں گے : عمران خان
سوات (این این آئی)سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست پر افسوس ہوتا ہے ٗ کے پی کے کے حکمرانوں نے کچھ نہیں کیا ٗ پیسوں سے اپنی جیبیں بھر لیں ٗ دو ارب درخت کہاں گئے ؟ ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں ٗ امیر مقام آنے والا ہے وہ ان کی جیبوں سے پیسہ نکالے گا ٗ تحریک انصاف کے چیئر مین نے اپنی اے ٹی ایم مشین جہانگیر ترین کی دولت ختم کر دی ہے ٗ لاہور کی میٹرو بس پر 50 ارب روپے اور راولپنڈی کی میٹرو بس پر 41 ارب روپے کے لگ بھگ خرچ ہوئے ٗ پشاور میٹرو بس پر 71 ارب روپے خرچ ہو رہا ہے، یہ لوگ قوم کا پیسہ ہڑپ کر رہے ہیں، عمران خان قوم کا پیسہ واپس کرو ٗخیبر پختون خوا کے عوام آئندہ اس شخص پر اعتبار نہ کرتا ٗ جہاں سے بھی ہدایات دونگا آپ نے عمل کر نا ہے ٗ ترقی دیکھنی ہے تو پنجاب آجائیں ٗ امن قائم ہونے کی وجہ سے ملالہ یوسف زئی بھی واپس آگئی ہیں ۔اتوار کو جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نوازشر یف نے کہاکہ میں دل سے کہہ رہا ہوں جس سوات کو آج دیکھ رہا ہوں اس طرح کا سوات پہلے کبھی نہیں دیکھا انہوں نے کہاکہ کبل ٗ سوات ٗ مینگورہ ٗ سیدو شریف ٗمالا کنڈ کا یہ جذبہ پہلی مرتبہ دیکھ رہا ہوں ٗ آپ لوگوں کو الحمد اللہ پیشگی مبارکباد دینا چاہتا ہوں ۔نوازشریف نے کہاکہ الزام خان ٹھہرنے والا نہیں ٗفارغ ہونیوالا ہے ، نوازشریف نے کہاکہ امیر مقام آنے والا ہے اور ان کی جیبوں سے پیسہ نکالے گا ۔انہوں نے کہاکہ الزام خان نے پچھلے پانچ سالوں میں کیا کیا ہے ؟ جہانگیر ترین کا مال کھا گیا ہے ؟ کہتے ہیں جہانگیر ترین اس کی اے ٹی ایم مشین ہے ٗ وزیر اعلیٰ کا ہیلی کاپٹر اپنی ذات کیلئے مفت استعمال کرتا رہا ہے ٗ اب بہت کچھ سامنے آئیگا ۔ انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ اس نے مان لیا ہے ٗمیری آف شور کمپنی تھی ٗ اتنے پیسے ہیں ٗسب کچھ مان لیا ہے لیکن اس کو نہیں نکالا گیا ٗ نوازشریف کے خلاف ایک پیسے کی کرپشن نہیں ہے ٗ کوئی رشوت نہیں ہے ٗ صرف اس بات پر نکال دیا ہے کہ نوازشریف نے اپنے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی ۔انہوں نے کہاکہ آپ اس فیصلے کو تسلیم کرتے ہو ۔جس پر شرکاء نے نا منظور کے نعرے لگائے ۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کے عوام سے جاکر پوچھیں ٗ راولپنڈی ٗ بہاولپور اور لاہور چلے جائیں آپ کو ہر جگہ بدلی ہوئی نظر آئیگی ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان میٹرو بس کو جنگلا بس کہتا تھا اور وہی جنگلا بس آج بنا رہا ہے ٗ لاہور اور راولپنڈی میں تقریباً چالیس سے پینتالیس ارب روپے کی بنی تھی ٗپشاور میں میٹرو بس پر 71ارب روپے لگ رہا ہے ٗ باقی پیسہ کون کھا گیا ہے ؟ یہ پیسہ واپس عوام کو کر نا ہوگا ٗ انہوں نے کہاکہ میں اپنی تعریف کر نے نہیں آیا ٗ آپ بڑے بہادر لوگ ہیں ٗ آپ نے بڑی بہادر ی کے ساتھ دہشتگردی کا مقابلہ کیا ٗ آپ بے گھرہوئے ٗ کس نے یہاں امن قائم کیا ٗ دہشتگردی کو کس نے ختم کیا اور پاکستان کے اندر چاہے وہ کراچی ہے یا سوات ہوہم نے امن لگایا ہے اور دہشتگردی کو ختم کیا امن واپس آیا ہے ٗ آج دہشتگردی رخصت ہوئی ہے یا نہیں ہوئی ؟ اندھیرے رخصت ہوئے ہیں یا نہیں ہوئے ؟ عمران خان اگر تم ہمارا ہاتھ بٹاتے تو ہم تمہیں بھی ساتھ لیکر چلتے ٗ تم نے کے پی کے میں تباہی پھیر دی ہے ٗ آئندہ ایسے شخص پر کبھی اعتبار نہیں کر نا۔ سابق وزیر اعظم نے کہاکہ نوازشریف جو کہتا ہے وہ کر کے دکھاتا ہے ٗآئندہ انشاء اللہ مسلم لیگ نواز پر اعتماد کرو گے جو کہو گے ٗنوازشریف کرے گا ٗ انہوں نے کہاکہ ہم نے کراچی کی روشنیاں بحال کی ہیں ٗ کراچی کا من بحال کیا ہے ٗاندھیروں کو ختم کیا ہے ٗ سوات میں امن واپس لے کر آئے ہیں اس کی دلیل یہ ہے کہ آج ہماری بیٹی ملالہ بھی واپس آگئی ہے ٗ ملالہ چلی گئی تھی اب امن دیکھ کر واپس آئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سوات کے عوام نے نعرہ لگایا ہے کہ ووٹ کو عزت دو ۔انہوں نے کہاکہ کروڑوں لوگ منتخب کر کے نوازشریف کو اسلام آباد بھجوائیں اور پانچ لوگ نکال دیں ٗ کہاں گیاآپ کے ووٹ کا تقدس ؟ آپ کے ووٹ کی عزت کہاں گئی ہے؟ آپ کے ووٹ کو انہوں نے پاؤں کے نیچے روند دیا ۔
نوازشریف
سوات(این این آئی)سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف کی صاحبزادی مریم نوازنے کہا ہے کہ کبھی کہتے ہیں نواز شریف اداروں سے تصادم کرتے ہیں، کبھی کہتے ہیں ڈیل کررہے ہیں، تمہاری کون سی بات درست ہے؟ ہمیں ڈیل کی نہیں ٗ زرداری اور عمران جس جھنڈے کے نیچے اکٹھے ہوئے وہ عوام کا نہیں، سینیٹ انتخاب میں عمران نے زرداری کے قدموں میں ووٹ کی پرچی رکھ دی، عمران خان پی ٹی آئی والوں کو سیدھا کہہ دیں ووٹ تیر کو دیں ٗ مشرف نے ملک کا آئین توڑا، ایک منتخب وزیراعظم کو برطرف کر کے ہتھکڑیاں لگائیں اور کمر کے درد کا بہانہ بنا کر آرام سے ملک سے فرار ہو گیا ٗ بتایا جائے کہ ملک میں یہ دو نظام کیوں ہیں؟انتقامی فیصلوں کے احترام کی توقع نہ رکھی جائے ۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آج ہم اس سوات میں کھڑے ہیں جہاں بم دھماکے ہوتے تھے، وہ مشرف اور زرداری کا پاکستان تھا جب روز لاشیں گرتی تھیں لیکن آج یہ پاکستان نواز شریف کا پاکستان ہے۔مریم نواز نے کہا کہ آپ کی گلیاں، بازار اور سڑکیں آباد ہوگئی ہیں، بم دھماکوں کا نشان مٹ چکا ہے، یہ ان لوگوں کا پاکستان ہے جو آئین اور قانون کیلئے کھڑے ہوئے اور یہ پاکستان دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں کا خاتمہ کرنے والوں کا پاکستان ہے۔انہوں نے کہاکہ دہشتگردی مٹ گئی ہے یہ نوازشریف کا پاکستان ہے ۔مریم نواز نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اِن لوگوں نے تعلیم کی ایمرجنسی کا نعرہ بھی لگایا لیکن وہ سپریم کورٹ کے ذریعے عدالتی ایمرجنسی لگوانے کیلئے اسلام آباد میں بیٹھ گئے۔مریم نواز نے کہا کہ جب نوازشریف یہاں گلیاں ٗ سڑکیں بناتے ہیں عمران خان اسلام آباد میں جا کر سڑکیں بلاک کر کے بیٹھ گئے اور ووٹ کے خلاف سازش کرتے رہے ٗکے پی کے حکمران سپریم کورٹ کے پیچھے جا کر کھڑے ہوگئے ٗ صوبے میں جھوٹے اور کھوکھلے نعرے لگائے ۔کہتے نوازشریف کا بیانیہ مقبول ہوگیا ہے ٗنوازشریف کا بیانیہ اس لئے آپ کے دلوں اور گھروں تک پہنچا ہے کیونکہ نوازشریف کا بیانیہ حق کا بیانیہ ٗ سچ کا بیانیہ ہے ٗ نا انصافی اور ظلم کے خلاف آواز ہے ۔مریم نواز نے کہاکہ بتائیں نوازشریف کے اس بیانیہ میں اس کا ساتھ دینگے ٗ عوام کے منتخب وزیر اعظم کیخلاف ہونے ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں گے ٗ مجھے خوشی ہے کہ ووٹ کو عزت دنے کا نعرے لگاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آج سوات کے عوام نے بھی نعرہ لگادیا ہے اور ووٹ کو عزت دی ہے ٗ پہلے ایبٹ آباد ٗ پھر بفہ ٗ پشاور اور ہری پور کے بعد سوات میں لوگوں نے نوازشریف کا ساتھ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ سازشیں کب تک چلیں گی ٗ سینٹ میں جو کچھ ہو ا کیا وہ آپ کے ساتھ ٗ پاکستان کے ساتھ ٗ آئین کے ساتھ ہونے والا مذاق نہیں ہے ؟۔ مریم نواز نے کہاکہ بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت توڑی گئی ٗجس طرح سینٹ کا الیکشن ہوا کیا وہ عوام اور آئین کے ساتھ نا انصافی نہیں ہے ؟ کیا آپ اس نا انصافی کیخلاف آواز اٹھائیں گے ؟ مریم نواز نے کہاکہ عمران خان نے جس کو سب سے بڑی بیماری کہا اور ڈاکو کہا اس کے سامنے کے پی کے عوام کے ووٹ کی پرچی رکھ دی ٗ عمران خان کیوں لوگوں سے مذاق کرتے ہو ٗاگر آپ نے ٹھپے بلا پر لگانے کے بعد تیر پر مہر لگانی ہے تو پھر ایک ہی بار پی ٹی آئی کے لوگوں کو کہیں بلے کو ووٹ نہ دیں وہ تیر کو سیدھا ووٹ دیں کیونکہ آپ کا ووٹ ز داری کو جائیگا ۔ انہوں نے زر داری اور عمران بھائی بھائی کے نعرے لگوائے ۔انہوں نے کہاکہ جس جھنڈے کے نیچے یہ اکٹھے ہوئے ہیں وہ عوام کا جھنڈا نہیں ہے ٗ جس ایجنڈے پراکھٹے ہوئے وہ ایجنڈا بھی عوام کا ایجنڈا نہیں ہے ٗ انہوں نے کہاکہ وہ جھنڈا اور ایجنڈا کس کا ہے ؟آپ با شعور عوام ہیں آپ جانتے ہیں نا ں ؟انہوں نے کہاکہ سوات میں عوام کا سمندر یہاں جمع ہے ۔ کبھی دیکھا ہے کہ نظام عدل اٹھارہ لاکھ زیر التواء کیسز کو چھوڑ کر ایک لیڈر کو مجرم ٹھہرانے میں لگ جائے ٗ جس طرح سے نوازشریف کو اقامہ پر نکالا گیاجس تنخواہ کا وجود ہی نہیں وہ کیسے ڈکلیئر کریگا ٗ انہوں نے کہاکہ جس طرح نوازشریف کو وزیر اعظم ہاؤس اور مسلم لیگ نوازکی صدارت سے نکالا گیا اس سے نوازشریف کی عزت میں کمی نہیں آئی اضافہ ہوا ہے ٗ اگر کمی آئی ہے تو کس کی عزت میں کمی آئی ہے ؟کس کی توقیر میں کمی آئی ہے؟ ملک کی بقاء اور سلامتی اسی میں ہے کہ اپنے فیصلوں کو درست کریں اور ملک کو تباہی سے بچائیں ۔انہوں نے کارکنوں سے کہاکہ وعدہ کریں ٗآندھی آئے ٗ یا طوفان آئے ٗ مقدمے چلیں یا جیلیں ہوں نوازشریف کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے ٗ عدل اور انصاف کا مقدمہ لڑیں گے ٗ ووٹ کی عزت کی کوشش اور جنگ لڑو گے اور اس نظام عدل کے خلاف کھڑے ہو جاؤ گے جو ڈکٹیٹر کو سز اور ووٹ سے آنے والے کو انصاف نہیں دے سکتا ۔
مریم نواز
لاہور(نمائندہ پاکستان)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابات میں جیت کر ملک کی لوٹی ہوئی دولت واپس لا کر عوام پر خرچ کریں گے، دونوں شریف اللہ کی پکڑ میں آگئے ہیں ،عام انتخابات میں عدلیہ کا کردار اہم ہوگا،وزیراعظم کی چیف جسٹس سے ملاقات کا نواز شریف کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا،متحدہ مجلس عمل کے قیام سے ہمارے ووٹ بینک کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، سندھ میں اینٹی پیپلز پارٹی اتحاد بنا رہے ہیں ،عام انتخابات میں اکثریت سے کامیاب ہوں گے اورحکومت بنانے کیلئے کسی اتحاد کی ضرورت نہیں پڑے گی ،نئے پاکستان میں سب انسانوں کے حقوق کی حفاظت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں صحافیوں سے ملاقات میں غیر رسمی گفتگو ، ممبر سازی کیمپوں کے دورہ کے موقع پر خطاب اور اپنے ٹوئٹر بیان میں کیا ۔عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کا ووٹ بینک 2013ء کے مقابلے میں دو گنا ہوا ہے اور سیاسی مخالفین کو آئندہ عام انتخابات میں یہ نظر آ جائے گا۔ عمران خان نے یوحنا آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں ایسٹر کے موقع پر اپنے مسیحی بھائیوں کی خوشی میں شامل ہوا ہوں ۔میں صرف قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کو اپنا لیڈر مانتا ہوں اور انہوں نے آزادی کی جوجدوجہد کی تھی اس کا بڑا مقصد یہ تھاکہ ہندوستان میں اقلیتوں کو حقوق نہیں ملیں گے اور پاکستان بننا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں سیاسی مافیا ہے جو پولیس کو استعمال کرتا ہے ، تیس سالوں سے پولیس کو انتقامی کارروائیوں کے لئے استعمال کیا گیا ، میرے اوپر دہشتگردی کے چار کیسز بنا ئے گئے ہیں ،یہاں بڑا گاڈ فادر اور چھوٹا ڈان ہے ۔ پنجاب میں 650ارب روپے ترقیاتی بجٹ کے نام پر خرچ کرتے ہیں لیکن بتاؤ یہاں کتنے ہسپتال بنائے ہیں ، کسی کو پینے کا صاف پانی میسر ہے نہ انصاف اور نہ روزگار ملتا ہے لیکن آپ صرف اپنے لئے میٹرو بسیں اور بڑ ے بڑے پراجیکٹس بناتے ہوئے ۔ تمہارا حساب لینے لگے ہیں ۔ یہاں کمپنیاں بنائی گئی ہیں اور احد چیمہ جیسے لوگ تمہار ے فرنٹ مین ہیں ۔ تمہارا وقت آ گیا ہے ، عام انتخابات میں جیت کر لوٹی ہوئی دولت بیرون ممالک سے واپس لا کر عوام پر خرچ کریں گے ، سکولوں اور ہسپتالوں پر خرچ کریں گے ، ہم بیروزگاری کی روزگار ملنے تک ذمہ داری لیں گے اور ان کی مالی معاونت کی جائے گی ،ہم پاکستان کو فلاحی ریاست بنا کر دکھائیں گے ۔ اس موقع پر عمران خان نے مسیحی رہنماؤں کے ہمراہ ایسٹر کا کیک بھی کاٹا ۔ علاوہ ازیں عمران خان نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ نیب فیصلے کا وقت قریب آتے ہی حکمرانوں کی بوکھلاہٹ بڑھ رہی ہے ۔عمران خان نے کہاکہ خبردار ہوشیار اقتدار کے آخری 4 ماہ میں گلیاں اور نالیاں پکی کرکے آئندہ 5 سال پکے کرنے کا موسم آگیا ہے، شریفوں کا ترقیاتی کاموں کا انداز بھی یہی ہے۔ عمران خان نے ایک تحریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ تحریر واضح کرتی ہے کہ پنجاب کے ہر محکمے میں پھیلی بدعنوانی کی قیمت زیادہ نرخوں کی صورت میں عوام سے کیسے وصول کی جاتی ہے ۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں کارٹون بھی ٹویٹ کیا۔بعدازاں تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے عمران خان سے ملاقات کی جس میں مختلف سیاسی امور پر بات چیت کی گئی۔ عمران خان نے کہاکہ جیسے جیسے نیب کے فیصلے کا وقت آرہا ہے حکمرانوں کی بوکھلاہٹ بڑھتی جارہی ہے اور فیصلے سے قبل حکمرانوں نے اداروں کے خلاف محاذ آرائی تیز کردی ہے ، عوام اداروں کے خلاف حکمرانوں کی جنگ برداشت نہیں کریں گے ۔
عمران خان