عوام کو انتخابات سے قبل ووٹ اندراج ، اخراج و درستگی کا آخری موقع
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) عام انتخابات 2018 کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک مرتبہ پھر عوام و الناس کو ووٹ اندراج، اخراج و درستگی کا آخری موقع دیا جارہا ہے۔صوبائی الیکشن کمشنر سندھ محمد یوسف خان خٹک کا کہنا ہے کہ پاکستان بھر کی طرح سندھ کے تمام اضلاع میں بھی دو ہزار پانچ سو پچاسی(2,585) ڈسپلے سینٹرز کا قیام کیا گیا ہے۔ جوکہ 26مارچ 2018 سے 24اپریل 2018 تک عمل میں لایا جائیگا۔ ڈسپلے سینٹرز میں قائم مقررہ اسٹاف احسن طریقے سے اپنی ذمے داریوں کو سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ڈویژن میں640 ڈسپلے سینٹرز، ٹھٹھہ ڈویژن میں 228، میرپورخاص ڈویژن میں 355، شہید بینظیر آباد ڈویژن میں 67، سکھر ڈویژن میں 300، لاڑکانہ ڈویژن میں 385اور کراچی ڈویژن میں 610ڈسپلے سینٹرز عوامی سہولت کے پیش نظر قائم کئے گئے ہیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ محمد یوسف خان خٹک نے مزید کہا کہ عوام اِن ڈسپلے سینٹرز سے استفادہ حاصل کریں اور اِس کے قیام کو کامیاب بناتے ہوئے عام انتخابات 2018 میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ جبکہ خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں مختلف اضلاع میں قائم ڈسپلے سینٹرز کا معائنہ بھی کریں گی۔ الیکشن کمیشن کیمطابق پر شدہ فارمز مقررہ تاریخ سے قبل جمع کروائے جا سکتے ہیں اور ووٹ کے اندراج سے متعلق معلومات کے حصول کے لیے شہری اپنا شناختی کارڈ نمبر لکھ کر 8300 پر SMS کریں الیکشن کمیشن کی طرف سے آپکو اپکا ووٹنگ ایریا پتا چل جائے گا اگر آپ کا ووٹ کسی ایسی جگہ ہے جہاں سے اپکا یا آپکی فیملی کا کوئی تعلق نہیں تو فوری اپنا ووٹ تبدیل کروانے کے لئے درخواست دیں ووٹ تبدیلی کا فارم اردو یا انگلش میں اس طریقے کے ساتھ بھیجا گیا ہے اس فارم کو پورا کرنے کے لئے آپکو اپکا موجودہ رہائشی علاقے کا بلاک کوڈ پتا ہونا چاہیے اس بلاک کوڈ کو جاننے کے لئے اپنی فیملی یا کسی پڑوسی کا شناختی کارڈ نمبر 8300 پرSMS کر دیکھ سکتے ہیں اس کے بعد فارم پورا کر کے قریبی الیکشن کمیشن کے آفس میں جمع کروائیں۔الیکشن کمیشن ذرائع کاکہنا ہے کہ ووٹ صرف اسی صورت میں ٹرانسفر ہوگا اگر آپکے شناختی کارڈ پر اپکا پتہ موجود ہے اگر اپکا رہائشی پتہ بھی آپکے شناختی کارڈ پر موجود نہیں تو اس سب سے پہلے آپکو اپنا موجودہ پتہ اپنے شناختی کارڈ پر درج کروانا ہوگا۔اس کے لئے آپ اپنا کرایہ نامہ یا گھر کے کاغذات کی کاپی لے کر قریبی نادرا آفس جائیں۔