عمران خان نے آئین و قانون کی بالا دستی کیلئے جدوجہد شروع کر رکھی ہے : محمود خان

عمران خان نے آئین و قانون کی بالا دستی کیلئے جدوجہد شروع کر رکھی ہے : محمود ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مٹہ (نمائندہ پاکستان )خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی و کھیل اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران کی قیادت میں اس کی ٹیم نے آئین و قانون کی بالادستی کے لئے جو جدوجہد شروع کی ہے وہ منطقی انجام کو پہنچنے والی ہے اور وہ دن دور نہیں جب ملک اور عوام پر کرپٹ مافیا کا دور ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم ہو جائے گا اور ایک نئے پاکستان اور خوشحالی کا دور شروع ہوجائے گا ، اسلام کے نام پر اقتدار میں آنے والوں نے اسلام کے لئے ایک قانون بھی پاس نہیں کیا ، ہم سے پہلے خیبر پختونخوا میں کرپشنِ ، کمیشن ، اور لوٹ مار کا دور دورہ تھا اور صوبے کے تمام ادارے مکمل تباہ ہو گئے تھے ، ہم نے اپنی انتھک محنت سے نظام کی درستگی کے لئے اداروں میں مثبت اصلاحات کئے اور اس کا نتیجہ دنیا کے سامنے ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آغل مٹہ سوات میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے اہم اور دیرینہ کارکنان حبیب اﷲ خان ، حق نواز خان ، جمال ناصر ، آصف خان ، امجد علی اور بلال نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت اپنی پارٹی سے مستعفی ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔محمود خان نے کہا کہ گزشتہ 75سالوں میں حکمرانوں نے صحت اور تعلیمی نظام کو تباہ کیا تھا ، ہم نے خیبر پختونخوا کے سرکاری سکولوں میں انگریزی تعلیم رائج کیا اور ناظرہ قرآن و ترجمہ لازمی قرار دیا ،اس کے ساتھ سود پر پابندی عائد کی اور جہیز کے خلاف قانون سازی کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے غریبوں کے لئے صحت انصاف کارڈ کا اجراء کیا جس سے آج غریب عوام کو سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں مفت علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جاررہی ہیں ۔ محمود خان نے کہا کہ پاکستان کی سا لمیت ، بقاء اور پاکستانی عوام کو ترقیافتہ ممالک کی صفوں میں کھڑا کرنا پی ٹی آئی کے ہر نمائندے کا مشن ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے کسی بھی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور یہاں کسی چیز کی کمی نہیں لیکن انتہائی افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ان وسائل سے صحیح انداز میں آج تک استفادہ نہیں کیا گیا ، انہوں نے کہا کہ ان وسائل کو گاجر مولی کی طرح بیرون ممالک کے چھوٹے اور گمنام کمپنیوں پر فروخت کرکے اپنی کمیشنیں وصول کی گئی ہیں ۔محمود خان نے کہا کہ اگر ان وسائل سے خود استفادہ کرتے تو آج پاکستان دنیا کا سب سے زیادہ ترقیافتہ ملک ہو تا اور اس کے عوام خوشحال اور پرسکون زندگی بسرکرتے اور یہاں کے باشندوں کو بیرون ممالک ملازمتوں کے لئے جانا نہیں پڑتا ۔محمود خا ن نے کہا ہماری جدوجہد کا مقصد یہی ہے اور انشاء اﷲ اس کے حصول کو ممکن بناکر دم لیں گے ۔