صوبائی حکومت نے تعلیم کے فروغ کے لیے انقلابی اقدامات اٹھائے :مشتاق غنی

صوبائی حکومت نے تعلیم کے فروغ کے لیے انقلابی اقدامات اٹھائے :مشتاق غنی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلی تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے تعلیم کے فروغ کے لیے انقلابی اقدامات اٹھائے جس کے مثبت نتائج آج عوام کے سامنے آنا شروع ہو گے ہیں ۔ان خیالات کا ا ظہار صوبائی وزیر مشتاق غنی نے المعراج اسلامک سکول ہری پور کی سالانہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے دوران خطاب میں کیا۔ مشتاق غنی نے کہا کہ ہماری حکومت کا روزِ اول سے منشور رہا کہ اپنے آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کے لیے بہترین حکمتِ عملی تیار کی جائے اور ایسا صرف تب ہی ممکن ہے جب تعلیم کو عام کیا جائے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حالات جس تیزی سے بدل رہے ہیں ہمیں درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنا ہے جس کے لیے ہمارے بچوں کے پاس جدید تعلیم کا ہونا ضروری ہے اور خیبر پختونخوا حکومت کی تعلیمی میدان میں اصلاحات اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہمیں پاکستان کو دنیا میں ایک اعلی مقام دلوانا ہے جس کا خواب قائد اعظم نے تحریکِ پاکستا ن کے دوران دیکھا تھا اور عمران خان نے جس مقصد کے حصول کے لیے پچھلے کئی سالوں سے جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے۔ مشتاق غنی کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لیے بھی بہترین اقدامات اٹھائے ہیں جو حالات حاضر کا تقاضا ہیں ، گزشتہ ادوار میں اسلامی حکومتیں بھی آئیں لیکن تعلیم و دیگر شعبوں میں اسلامی تعلیمات کو نظر انداز کیا گیا پہلی بار عمران خان کی حکومت نے صوبے کے تمام سکولوں میں ناظرہ اور با ترجمہ قران کو لازم قرار دے دیا۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ تحریکِ انصاف اپنی کارگردگی کی بنیادوں پر آنے والے انتخابات میں واضح کامیابی حاصل کرے گی اور پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں موثر کردار ادا کرے گی۔